پیر پگارا نے کہا ہے کہ جی ڈی اے انتخابات میں اکثریت سے کامیاب ہو کر سندھ کی تقدیر بدلے گی۔
پیر پگارا کی زیرصدارت جی ڈی اے کی کور کمیٹی کا مشاورتی اجلاس کراچی میں ہوا۔
جی ڈی اے کے ترجمان کے مطابق جی ڈی اے نے عام انتخابات میں پیپلز پارٹی کو ٹف ٹائم دینے کا فیصلہ کیا ہے۔
ترجمان نے کہا کہ پیرپگارا نے عام انتخابات میں سندھ کے امیدواروں کے فیصلے کی توثیق کر دی ہے۔ جلد اہم جلسہ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، پیر پگارا جلسے سے خطاب کریں گے۔
ترجمان نے کہا کہ ایم کیو ایم، جے یو آئی اور دیگر جماعتوں سے مل کر اتحاد پر بھی مشاورت ہوئی ہے۔
ترجمان کے مطابق پیر پگارا نے اجلاس سے خطاب کے دوران کہا کہ جی ڈی اے انتخابات میں اکثریت سے کامیاب ہو کر سندھ کی تقدیر بدلے گی۔
ترجمان نے کہا موجودہ نگراں حکومت اور صوبائی الیکشن کمشنر کے ہوتے ہوئے انتخابات شفاف ہونے پر شکوک ہیں۔
انہوں نے کہا کہ نگراں حکومت اور الیکشن کمیشن اپنی آئینی ذمےداری پوری کریں اور شفاف انتخابات کروائیں۔ عام انتخابات میں چوروں، لٹیروں اور کرپٹ مافیا کو باہر نکال کر پھینکیں گے۔