نگراں وزیرِ داخلہ سندھ بریگیڈیئر (ر) حارث نواز کا کہنا ہے کہ ڈکیتی میں ملوث ڈی ایس پی کو گرفتار کیا گیا، ایف آئی آر کاٹی گئی، اسے سخت سزا دلوائیں گے۔
کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے حارث نواز نے کہا کہ انڈر ٹریننگ ڈی ایس پی کو اس طرح کے ٹاسک نہیں دینے چاہیے تھے، ہم نے واقعے پر فوری کارروائی کی ہے۔
نگراں وزیرِ داخلہ سندھ کا کہنا ہے کہ ایس ایس پی کو بھی معطل کر دیا گیا ہے، ان کے خلاف بھی ضروری کارروائی ہو گی۔
انہوں نے مزید کہا کہ پولیس کی قیادت اچھی ہے، میں مطمئن ہوں، نگراں حکومت آنے کے بعد کچے کے علاقوں میں جرائم نہیں ہوئے، ایس ایس پی کی غلطی ہے، آئی جی پولیس نے انہیں معطل کر دیا ہے۔
حارث نواز کا یہ بھی کہنا ہے کہ پولیس کے سپاہی کی تنخواہ 60 سے 70 ہزار روپے ہے، پولیس اور لاء اینڈ انفورسمنٹ ایجنسیاں عوام کی خدمت کے لیے ہیں۔