لاپتہ افراد کی بازیابی سے متعلق کیس میں سندھ ہائی کورٹ کے جسٹس نعمت اللّٰہ نے کہا ہے کہ اگر پولیس اور انتظامیہ کے ہاتھ کچھ نہیں تو ہم وزیرِ اعظم کو بلا لیں گے۔
سندھ ہائی کورٹ میں لاپتہ افراد کی بازیابی سے متعلق درخواستوں کی سماعت ہوئی۔
عدالت نے کہا کہ کراچی کے مسنگ پرسنز کے کیسز کو 10، 10سال ہو گئے، کوئی پیش رفت نہیں ہوئی، جے آئی ٹیز اور ٹاسک فورس کے اجلاس نتیجہ خیز نہیں ہوتے۔
جسٹس امجد سہتو نے کہا کہ ہم 10سال سے ہر روز 10، 15 لاپتہ افراد کے کیسز سنتے ہیں، اتنا وقت دیگر کیسز کو دیتے تو بہت معاملات نمٹ جاتے۔
سرکاری وکیل نے کہا کہ جے آئی ٹی کے 21 اجلاس ہو چکے، تاحال کوئی سراغ نہیں ملا۔
جسٹس نعمت اللّٰہ نے کہا کہ شہریوں کو عدالت میں پیش کریں ورنہ کوئی بھی قدم اٹھائیں گے۔
عدالت نے درخواستوں کی سماعت 15جنوری تک ملتوی کر دی۔