اسلام آباد لاہور (اپنے سٹاف رپورٹر سے+ نیوز رپورٹر+ سب تکرپورٹ) سابق وزیراعظم اور پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف سے سابق سینیٹر وقار احمد اور خیبر پختون خواہ کے پارٹی صدر انجینئر امیر مقام اور سابق اراکین پارلیمنٹ نے ملاقات کی۔ اس موقع پر سابق ارکان اسمبلی مخدوم سید مبین عالم، مخدوم مسعود عالم ، سید مبین ضامن اور سید باسط سلطان بخاری نے مسلم لیگ (ن) میں شمولیت کا اعلان کیا۔ مخدوم سید مبین عالم، مخدوم مسعود عالم ، سید مبین ضامن اور سید باسط سلطان بخاری نے قائد مسلم لیگ (ن) محمد نواز شریف اور صدر شہباز شریف پر مکمل اعتماد کا اظہارکیا۔ ملاقات میں مسلم لیگ (ن) پنجاب کے صدر رانا ثناءاللہ خاں، سردار اویس لغاری، شیخ فیاض الدین اور میاں امتیاز بھی موجود تھے۔ شہباز شریف نے مخدوم سید مبین عالم، مخدوم مسعود عالم اور سید باسط سلطان بخاری کو مسلم لیگ (ن) میں شمولیت پر مبارک دی۔ سابق سینیٹر وقار احمد اور امیر مقام نے آشیانہ اقبال ریفرنس میں بریت پر شہباز شریف کو مبارک دی۔ شہباز شریف نے سینیٹر وقار اور امیر مقام کا شکریہ ادا کیا۔ ملک کی مجموعی صورتحال اور عام انتخابات کی تیاریوں کے حوالے سے امور پر تبادلہ خیال کیا۔ میاں شہباز شریف کا کہنا تھا کہ نواز شریف کی قیادت میں مسلم لیگ (ن) ہمیشہ قوم کے اعتماد اور توقعات پر پورا اتری ہے۔ معاشی خود انحصاری کے لئے سیاسی استحکام اور قومی کاوش درکار ہے۔ مہنگائی سے عوام کو نجات دلانا اولین چیلنج ہے۔ پاکستان اور عوام کو معاشی بدحالی سے نجات دلانا قومی ایجنڈا ہے۔ پاکستان کے معاشی مفادات کا تقاضا ہے کہ سیاسی استحکام سے بحرانوں کا مقابلہ کیا جائے۔ شہباز شریف کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) انتخابات میں بھرپور کامیابی حاصل کر کے عوام کو معاشی ترقی کا تحفہ پیش کرے گی۔ مسلم لیگ (ن) پاکستان کی سب سے بڑی اور نمائندہ جماعت ہے۔ وفاق پاکستان کی نمائندگی، مضبوطی اور ترقی پاکستان مسلم لیگ (ن) کا مشن ہے۔ نواز شریف کی قیادت میں وفاق اور اکائیوں کے وسائل میں اضافہ اور مسائل کا حل مسلم لیگ (ن) کی شاندار روایت رہی ہے۔ دریں اثناءسابق وفاقی وزیر سابق سینیٹر وقار احمد خان نے پاکستان مسلم لیگ (ن) میں شمولیت کا اعلان کردیا۔ انہوں نے یہ اعلان اسلام آباد میں اپنی رہائشگاہ پر مسلم لیگ (ن) خیبرپختونخوا کے صدر انجینئر امیر مقام اور جنرل سیکرٹری مرتضیٰ جاوید عباسی کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر مسلم لیگ (ن) کے مرکزی رہنما سردار محمد یوسف بھی موجود تھے۔ انجینئر امیر مقام نے کہا کہ وقار احمد خان رکن سینٹ اور وفاقی وزیر رہے ہیں، ان کا ملکی سیاست میں تجربہ ہے اور ملک کو اس طرح کے سیاست دانوں کی ضرورت ہے۔
سابق سینیٹر وقار 4ارکان اسمبلی مسلم لیگ ن میں شامل عوام کو مہنگائی سے نجات دلانا اولین چیلنج: شہباز شریف
Previous Articleنواز شریف کی مری کے راستوں پر ڈرائیونگ‘ مریم بھی ساتھ تھیں
Next Article صائم ایوب کی ٹیم ڈائریکٹر محمد حفیظ کے ساتھ پریکٹس