نئی دہلی: بھارت کرکٹ ٹیم کے نئے کپتان سوریا کمار یادیو نے کہا ہے کہ فائنل کی شکست کو بھولنے میں وقت لگے گا۔ٹی ٹوئنٹی کے نئے کپتان سوریا کمار یادیو نے پریس کانفرنس میں کہا کہ ورلڈ کپ 2023 کے فائنل میں شکست کو بھولنے میں وقت لگے گا لیکن ہم نے پورے ٹورنامنٹ میں اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔آسٹریلیا کے خلاف میچ سے قبل سوریا کمار یادیو نے کہا کہ ایونٹ میں لگاتار 10 میچ جیتے، روہت شرما نے بطور کپتان اور بلے باز کے طور پر بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ان کا کہنا تھا کہ اس پورے ایونٹ میں بہت کچھ سیکھنے کو ملا. لیکن فائنل میں شکست سے سنبھلنے میں وقت لگے گا. یہ ممکن نہیں ہے کہ اگلی صبح اٹھیں اور جو کچھ ہوا اسے بھول جائیں. یہ ایک بڑا ٹورنامنٹ تھا۔ ہم اسے جیتنا چاہتے تھے۔آسٹریلیا کے خلاف سیریز کے لیے نوجوانوں کو موقع دینے کے سوال پر سوریا نے طنزیہ انداز میں کہا کہ میں بھی نوجوان ہوں.لیکن میں نے تمام کھلاڑیوں پر واضح کر دیا ہے کہ انہیں میدان میں بے لوث کھیلنا ہوگا۔
یاد رہے کہ بھارت کرکٹ ٹیم کے ٹی ٹوئنٹی کے کپتان ہاردیک پانڈیا کی غیر موجودگی میں سوریا کمار یادیو پہلی بار ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں آسٹریلیا کے خلاف کپتانی کریں گے۔
واضح رہے کہ بھارت اور آسٹریلیا کے درمیان 5 میچوں کی ٹی ٹوئنٹی سیریز جمعرات 23 نومبر سے شروع ہو رہی ہے. سیریز کے لیے نوجوان کھلاڑیوں کو ٹیم میں جگہ دی گئی ہے۔آسٹریلیا نے آئی سی سی ایونٹ کے فائنل میں بھارت کو اس کی سرزمین پر باآسانی شکست دی تھی۔ کینگروز نے حتمی مقابلے میں بھارتی بیٹرز اور بولرز کی ایک نہ چلنے دی تھی اور انھیں تمام شعبوں میں آؤٹ کلاس کرتے ہوئے ریکارڈ چھٹی بار ٹرافی اپنے نام کی تھی۔