غزہ میں اسرائیلی فوجی کے ہاتھ میں اپنا گٹار دیکھ کر فلسطینی گلوکار حیران ہوگیا۔
اسرائیلی فوج نے ظلم اور بربریت سے نہ صرف غزہ کے لوگوں کو بے گھر کیا بلکہ ان کی روزمرہ کی استعمال کی چیزوں پر بھی قبضہ جمالیا ہے۔
حمادہ نامی فلسطینی گلوکار اور اور موسیقار نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر ایک ویڈیو پوسٹ کی ہے جس میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ایک اسرائیلی فوجی تباہ شدہ غزہ میں ایک گٹار ہاتھ میں لیے کچھ گا رہا ہے۔
اس حوالے سے فلسطینی گلوکار نے لکھا کہ غزہ کے ملبے کے درمیان اس اسرائیلی فوجی کی گٹار بجاتے ہوئے اس ٹک ٹاک ویڈیو کو دیکھ کر حیران رہ گئے۔
انہوں نے کہا کہ میں اس گٹار کو اچھی طرح جانتا ہوں، کیونکہ غزہ میں اس طرح کے زیادہ گٹار نہیں ہیں۔
فلسطینی گلوکار نے یہ بھی کہا کہ یہ گٹار 15 سال پہلے مجھے میرے والد نے تحفے میں دیا تھا، 2014 میں غزہ پر اسرائیلی حملے کے فوراً بعد ان کا انتقال ہوگیا۔
حمادہ نے اداس ہوتے ہوئے مزید لکھا کہ اب یہ لوگ ہم سے یہ چیزیں بھی لینے آگئے ہیں، کیا یہ کافی نہیں ہے کہ وہ ہمارے پیاروں، ہمارے گھر، ہمارے خاندان، یہاں تک کہ ہماری موسیقی اور یادیں بھی چھین لیتے ہیں؟ ظلم کہاں رکے گا؟
واضح رہے کہ اسرائیلی فوج نے غزہ کی پٹی پر فضائی حملوں کے آغاز کے تقریباً 20 دن بعد 27 اکتوبر زمینی کارروائی کا اعلان کیا تھا، 7 اکتوبر کے بعد سے غزہ میں 14 ہزار 500 افراد شہید ہوگئے ہیں، جن میں 6 ہزار بچے بھی شامل ہیں، جبکہ 30 ہزار سے زائد زخمی ہیں۔