القسام بریگیڈ کے ترجمان ابو عبیدہ کا کہنا ہے کہ غزہ میں اب تک 335 اسرائیلی فوجی گاڑیاں تباہ کردی گئی ہیں۔
اپنے بیان میں ترجمان القسام بریگیڈ نے کہا کہ پچھلے 72 گھنٹوں میں اسرائیلی فوج کی مزید 33 گاڑیاں تباہ کیں ہیں۔
ابوعبیدہ نے مزید کہا کہ القسام نے اسرائیل کی پیادہ فوج کو درجنوں حملوں کا نشانہ بنایا ہے، پچھلے 3 روز کے خصوصی آپریشن میں دشمن فوج کا جانی نقصان ہوا ہے، غزہ میں دشمن کے حملے جاری رہنے تک ہمارے جنگجو مقابلے کے لیے تیار ہیں۔
دوسری جانب غزہ میں اسرائیلی فوج کی بمباری مسلسل 48ویں روز جاری ہے، 24 گھنٹوں میں اسرائیلی فوج نے 300 سے زیادہ حملے کیے۔
جبالیہ، بیت لاحیہ، رفح، خان یونس اور نصائرات کیمپ پر بمباری کی گئی، غزہ کے علاقے شیخ رضوان میں گھر پر فضائی حملہ کرکے اسرائیلی فوج نے 10 فلسطینی شہید کر دیے۔
سات اکتوبر سے اب تک اسرائیلی حملوں میں شہید فلسطینیوں کی تعداد 14 ہزار 854 ہوگئی، جس میں 6 ہزار 150 بچے شامل ہیں، 36 ہزار فلسطینی زخمی ہوگئے، زخمیوں میں 75 فیصد خواتین اور بچے شامل ہیں۔
غزہ میڈیا آفس کا کہنا ہے کہ اسرائیلی بمباری سے تباہ ہونے والے علاقوں میں7 ہزار فلسطینی لا پتا ہیں، اسرائیلی حملوں سے طبی عملے کے207، شہری دفاع کے 26 افراد جاں بحق ہوئے، حملوں میں اب تک 65 صحافی بھی جان سے گئے۔