امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ (ن) نے فلسطین پر احتجاج نہیں کیا۔چنیوٹ میں جلسے سے خطاب اور لاہور سے جاری بیان میں سراج الحق نے کہا کہ 46 دن میں پیپلز پارٹی اور( ن) لیگ نے فلسطین پر کوئی جلسہ یا احتجاج نہیں کیا۔(ن) لیگ اور پی پی قیادت کو پتا ہے کہ اگر انہوں نے فلسطین پر احتجاج کیا تو امریکا ناراض ہوجائے گا۔ اہل فلسطین کے خلاف اسرائیل کا امریکا سمیت تمام یہودی طاقتیں ساتھ دے رہی ہیں۔روسی صدر ولادیمیر پیوٹن فلسطین ایشو پر رو رہے ہیں لیکن ہمارے حکمرانوں کے دل پتھر کے ہیں۔امیر جماعت اسلامی نے یہ بھی کہا کہ فلسطین میں مائیں بہنیں بیٹیاں ہمارے انتظار میں ہیں اور ہمارے حکمران میر جعفر اور میر صادق بنے ہوئے ہیں۔فلسطینی بچے شہید ہوتے رہے، مسلم حکمرانوں نے عملی اقدامات نہ کیے، پاکستانی حکمرانوں نے بھی بے جان لفظی مذمت پر اکتفا کیا، ہمیں محمد بن قاسم بن کر مظلوموں کا ساتھ دینا ہوگا۔
سراج الحق نے کہا کہ اداروں کو مسترد کرنے والوں کو عوام مسترد کردیں، عوام ووٹ کی طاقت سے فرسودہ نظام سےجان چھڑاسکتے ہیں، عوام ہی وڈیرہ شاہی کو ختم کرسکتی ہے۔