بالی ووڈ اداکار رندیپ ہودا اور لِین لائشرام نے تصدیق کی ہے کہ وہ 29 نومبر کو شادی کے بندھن میں بندھ جائیں گے۔
رندیپ اور لین کا کہنا ہے کہ ان کی شادی اس ماہ امفال، منی پور میں ہوگی اور استقبالہ ممبئی میں ہوگا۔
رندیپ اور لِین نے فوٹوز اینڈ ویڈیوز شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر اپنے مشترکہ اکاؤنٹ پر ایک نوٹ شیئر کیا جس میں کہا گیا کہ وہ اپنی فیملی اور دوستوں کی دعاؤں کے ساتھ رشتہ ازدواج میں منسلک ہو رہے ہیں۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ ہمیں یہ بتاتے ہوئے بے انتہا خوشی ہو رہی ہے کہ ہماری شادی کی تقریب 29 نومبر کو امفال منی پور میں ہوگی۔
میری کوم میں لِین اور سربجیت میں رندیپ کے ساتھی اداکار درشن کمار نے جوڑے کو مبارک باد دی جبکہ اہانا کمار نے بھی نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
37 سالہ لِین ایک ماڈل اور اداکارہ ہیں، انہوں نے اپنے فلمی کیریئر کی شروعات 2007 میں شاہ رخ خان کی فلم ’اوم شانتی اوم‘ سے کی۔
بھارتی ریاست منی پور سے تعلق رکھنے والی داکارہ 2014 میں فلم ’میری کوم‘ میں پریانکا چوپڑا کے ساتھ بھی نظر آئی تھیں۔