آسٹریلیا کے ہائی کمشنر نیل ہاکنز نے دورہ آسٹریلیا سے قبل پنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں پاکستانی ٹیسٹ اسکواڈ کا پرتپاک استقبال کیا۔
نیل ہاکنز نے ایک دوستانہ پریکٹس میچ کے دوران ٹیم کے ساتھ ملاقات میں پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان آئندہ تین میچوں کی ٹیسٹ سیریز کےلیے جوش و خروش کا اظہار کیا۔
نیل ہاکنز نے ٹیسٹ کپتان شان مسعود، بابر اعظم، شاہین آفریدی، محمد رضوان اور ٹیم کے دیگر کھلاڑیوں سے ملاقات کی۔
اس موقع پر ٹیم ڈائریکٹر محمد حفیظ نے متوقع سیریز کےلیے جاری تیاریوں کے بارے میں بھی آگاہ کیا۔
کھلاڑیوں کے ساتھ چند شاٹس کھیلتے ہوئے نیل ہاکنز نے پاکستانی ٹیم کے دورہ آسٹریلیا کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا اور کہا کہ ’کھلاڑی آسٹریلیا میں صرف کرکٹر نہیں ہوں گے وہ سفیر اور رول ماڈل بھی ہوں گے اور اپنے وسیع پاکستانی اور آسٹریلوی فین بیس کے ساتھ بامعنی روابط کو فروغ دیں گے۔‘
ہائی کمشنر نے مزید کہا ’میں تمام پاکستانیوں کی حوصلہ افزائی کرتا ہوں کہ وہ شاہینوں کے لیے اپنی حمایت کا اظہار کریں۔‘
ایک دلچسپ مقابلے کے لیے بے تابی کا اظہار کرتے ہوئے نیل ہاکنز نے دورے کی تاریخی نوعیت پر روشنی ڈالی، جس میں پرتھ اسٹیڈیم 14 دسمبر کو پہلی بار پاکستان کی میزبانی کرے گا۔
انکا کہنا تھا کہ مشہور میلبورن کرکٹ گراؤنڈ 26 سے 30 دسمبر کے دوران باکسنگ ڈے ٹیسٹ کی میزبانی کرے گا۔ اس کے بعد 3 جنوری 2024 سے سڈنی کرکٹ گراؤنڈ میں تیسرا اور آخری میچ ہوگا۔
آسٹریلوی ہائی کمشنر نے مزید کہا کہ ’ہم ایک دلچسپ مقابلے اور آسٹریلوی موسم گرما میں شاندار کرکٹ منتظر ہیں۔‘