متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے مرکزی رہنما ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا کہ ایسا پلان دے رہے ہیں جس میں تمام بحرانوں کا حل ہے۔ ہماری تجویز کردہ 26ویں آئینی ترمیم پاکستان کو مشکلات سے نکال دے گی۔
کراچی میں متحدہ قومی موومنٹ کے تحت ’ضلعی خود مختاری، آئینی ذمہ داری‘ کے عنوان سے تقریب منعقد کی گئی جس میں ایم کیو ایم نے آئین میں ترمیم کی تجاویز پیش کر دیں۔
اس موقع پر فاروق ستار نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کئی دہائیوں سے سیاسی جماعتوں نے عوام کو ٹرک کی بتی کے پیچھے لگا رکھا تھا۔ مضبوط مرکز کا کہہ کر سیاست کی جاتی رہی مگر مسائل حل نہ ہوئے۔
ایم کیو ایم رہنما نے کہا کہ صوبائی خودمختاری کے نام پر عوام کو بیوقوف بنایا جا رہا ہے۔ جب تک عوام کو بااختیار نہیں کیا جائے گا تب تک مسائل جوں کے توں رہیں گے۔
انہوں نے کہا کہ ہمارا تجویز کردہ بل مقامی حکومتوں کو آئینی تحفظ بھی فراہم کر رہا ہے۔ مسلم لیگ ن نے اس مسودے سے اتفاق کیا ہے۔ وفاقی اور صوبائی ادارے شہروں میں بلدیاتی کام کر رہے ہیں۔
فاروق ستار نے مزید کہا کہ وفاقی اور صوبائی اداروں کا کام بلدیاتی کام کرنا نہیں۔ مجوزہ بل میں بلدیاتی اختیارات منتخب بلدیاتی نمائندوں کے پاس ہوں گے۔
سابق وفاقی وزیر فیصل سبزواری نے کہا کہ ہزارہ، جنوبی پنجاب یا جنوبی سندھ سےصوبے کی آواز اٹھتی ہے۔ مجوزہ 26ویں آئینی ترمیم سے لوگوں کو اپنے اپنے علاقوں پر اختیار ہوگا۔