وزارت قانون انصاف نے سائفر کیس کے جیل ٹرائل کیلئے نوٹیفکیشن جاری کر دیا۔ تفصیلات کے مطابق چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان اور سابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کے خلاف سائفر کیس کے معاملے میں وزارت قانون انصاف نے سائفر کیس کے جیل ٹرائل کے لیے باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا جس کے تحت سابق وزیراعظم عمران خان اور سابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کے خلاف سائفر کیس کا ٹرائل اڈیالہ جیل میں ہوگا۔ معلوم ہوا ہے کہ آفیشل سیکرٹ ایکٹ خصوصی عدالت میں چیئرمین پی ٹی آئی کی جانب سے جیل ٹرائل کے حکم نامے کیخلاف درخواست دائر کر دی گئی، خصوصی عدالت کے جج ابو الحسنات محمد ذوالقرنین کی عدالت میں درخواست دائر کی گئی، درخواست میں مؤقف اپنایا گیا کہ اس عدالت نے 23 نومبر 2023ء کو حکم دیا کہ 28 نومبر کو ملزمان کو جوڈیشل کمپلیکس پیش کیا جائے لیکن بعد میں عدالت نے 28 نومبر کو جیل ٹرائل کا حکم دے دیا، 23 نومبر کے حکم نامے کی موجودگی میں 28 نومبر کا حکم نامہ غیر قانونی ہے، عدالت 23 نومبر 2023ء کے حکم نامے پر عملدرآمد کروائے۔ بتایا جارہا ہے کہ وفاقی کابینہ کی جانب سے سائفر کیس میں چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کے جیل ٹرئل کی منظوری دی گئی، وزارت قانون و انصاف کی سمری پر کابینہ سے سرکولیشن کے ذریعے منظوری لی گئی، جس کے تحت سابق وزیراعظم اور شاہ محمود قریشی سمیت دیگر افراد کے خلاف آفیشل سیکرٹ ایکٹ کے تحت اڈیالہ جیل میں ہی ٹرائل ہوگا۔ بتایا گیا ہے کہ آفیشل سیکرٹ ایکٹ خصوصی عدالت کے جج ابو الحسنات ذو القرنین کے فیصلے کی روشنی میں وفاقی کابینہ سے منظوری لی گئی، کابینہ کو اسلام آباد ہائیکورٹ کے جیل ٹرائل کالعدم قرار دینے سے متعلق فیصلے سے بھی آگاہ کیا گیا، جس کے بعد وفاقی حکومت نے سائفرکیس اور 190 ملین پاونڈ کیس کے لئے عدالتوں کے قیام کے لئے تمام قانونی تقاضے پورے کرلیے۔