بھارتی ٹیلیویژن کے مشہور شو سی آئی ڈی میں فریڈی (فریڈرک) کا کردار ادا کرنے والے دنیش فیڈنیس کی علالت کی خبریں سامنے آئی ہیں۔
حالیہ رپورٹوں میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ انہیں دل کا دورہ پڑنے پر اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔ لیکن اب سی آئی ڈی میں ان کے ساتھ کام کرنے والے ساتھی اداکار دیانند شیٹی (سی آئی ڈی کے دیا) نے 57 سالہ دنیش کی صحت کے حوالے سے وضاحت جاری کی ہے۔
بھارتی میڈیا کو ایک انٹرویو میں انہوں نے بتایا ہے کہ دنیش فیڈنیس کا جگر ناکارہ ہوگیا ہے اور ان کی حالت تشویشناک ہے۔
دیانند شیٹی کا کہنا ہے کہ انہیں ممبئی کے علاقے ملاد کے ٹونگا اسپتال میں فوری طور پر داخل کرا دیا گیا ہے اور اب تک ان کی حالت بہتر نہیں ہوئی ہے۔ امید ہے وہ جلد صحتیاب ہوں گے۔
انہوں نے کہا کہ دنیش کی کچھ دیگر بیماریوں کا علاج چل رہا تھا جس کی وجہ سے ان کا جگر بری طرح متاثر ہوا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پوری سی آئی ڈی ٹیم اس وقت دنیش کے قریب ہے۔ واضح رہے کہ دنیش گزشتہ 20 برس سے اس شو سے منسلک ہیں۔