بھارت میں سمندری طوفان کے زیر اثر چنئی (مدراس) شہر میں طوفانی بارش سے سڑکیں کئی فٹ پانی میں ڈوب گئیں، گاڑیاں پانی کے منہ زور ریلے میں بہہ گئیں۔
چنئی ایئرپورٹ کا رن وے بھی پانی میں ڈوب گیا، جبکہ پروازوں کا نظام معطل ہوگیا، تیز ہواؤں سے درخت گر گئے، مختلف حادثات میں 5 افراد ہلاک ہوگئے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق بارش کے باعث جنوبی ریاست تامل ناڈو کے صدر مقام چنئی میں بجلی کا نظام بھی معطل ہے، شہر میں بارہ ٹرینیں منسوخ کر دی گئیں اور اسکول دو روز کے لیے بند کر دیے گئے ہیں۔
دوسری جانب پڑوسی ریاست آندھرا پردیش میں بھی اسکول بند ہیں، نشیبی، ساحلی علاقوں سے 2 ہزار افراد محفوظ مقامات پر چلے گئے، مزید 7 ہزار کو انخلا کی ہدایت کر دی گئی۔
بتایا جاتا ہے کہ خلیج بنگال میں بننے والے سمندری طوفان میچانگ کے باعث ریاست تامل ناڈو، آندھرا پردیش اور اوڑیسہ میں ہائی الرٹ جاری کر دیا گیا ہے، سمندری طوفان کے منگل کو بھارت کے جنوبی ساحلوں سے ٹکرانے کا امکان ہے۔