مری ،گلیات، سوات اورکالام میں موسم سرما کی پہلی برفباری کے بعد سردی میں اضافہ ہوگیا ہے، برفباری سے سیاحوں کا مزہ دوبالا ہوگیا ہے۔ناران اور شوگران میں بھی برفباری سے سردی کی شدت میں اضافہ ہو گیا، برفباری سے ناران میں درجہ حرارت منفی 4 اور شوگران میں 2 سینٹی گریڈ تک گرگیا۔
سوات اور وادی کالام میں بھی برفباری کے باعث سردی کی شدت میں اضافہ ہوگیا، لوئر دیر میں برفباری کے بعد نظارے اور حسین ہوگئے، خیبر کی وادی تیراہ کےمختلف علاقوں میں بھی موسم سرما کی پہلی برفباری نے سردی میں اضافہ کردیا ہے، اورکزئی میں جبر ٹاپ پہاڑی پر برفباری کی وجہ سے رابطہ سڑک بند ہوگئی۔
بلوچستان میں توبہ کاکڑی اورکوہ خواجہ کے پہاڑ برف سے ڈھک گئے، سبی، مستونگ اور نوشکی میں بارش کے بعد خون جما دینے والی سردی ہے۔
مظفرآباد شہر اور گردونواح میں بارش اور پہاڑوں پربرفباری ہورہی ہے، اس کے علاوہ چلاس، بابوسرٹاپ، بٹوگاہ ٹاپ، فیری میڈوز اور نانگا پربت بیس کیمپ پر بھی برفباری ہو رہی ہے۔
پنجاب میں لاہور ، گجرات،فیصل آباد،جھنگ، سرگودھا،ملتان ،بہاول پور،کمالیہ، ٹوبہ ٹیک سنگھ سمیت بیشتر شہروں میں کہیں ہلکی اور کہیں تیز بارش سے سردی میں اضافہ ہوا ہے۔