الیکشن 2024ء کے لیے ملک بھر میں پولنگ کا عمل کامیابی کے ساتھ اختتام کو پہنچا ہے، جس میں شعبہ زندگی کی تمام بڑی شخصیات نے حق رائے دہی استعمال کیا، خاص طور پر سیاسی جماعتوں کی بڑی شخصیات نے بھی ووٹ کاسٹ کیا۔
مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف، مریم نواز اور شہباز شریف نے لاہور میں قومی اسمبلی کے حلقے این اے 128 میں اپنا ووٹ کاسٹ کیا۔
سابق صدر اور پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری اور اُن کی صاحبزادی آصفہ بھٹو زرداری نے این اے 207 نواب شاہ میں اپنا ووٹ کاسٹ کیا۔
دوسری طرف چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے این اے 194 لاڑکانہ میں جبکہ اُن کی پھوپھو اور پی ایس 36 کی امیدوار ڈاکٹر عذرا فضل پیچوہو نے نوابشاہ کے ایل بی او ڈی کالونی اسکول میں اپنا ووٹ ڈالا۔
جمعیت علماء اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے قومی اسمبلی کے حلقے این اے 44 ڈیرہ اسماعیل خان میں ووٹ ڈالنے کا قومی فریضہ ادا کیا۔
دوسری طرف امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق نے قومی اسمبلی کے حلقے این اے 6 لوئر دیر 1 میں اپنا ووٹ کاسٹ کیا۔
متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم ) پاکستان کے سربراہ خالد مقبول صدیقی نے عزیز آباد میں الطاف حسین حالی اسکول میں ووٹ ڈالنے کا قومی فریضہ ادا کیا۔
عوامی نیشنل پارٹی کے خیبرپختونخوا کے صدر ایمل ولی خان نے این اے 25 چارسدہ میں اپنا ووٹ ڈالا۔
استحکام پاکستان پارٹی (آئی پی پی) کے سربراہ جہانگیر خان ترین نے این اے 155 لودھراں کےبنیادی مرکز صحت 12 ایم پی آر میں اپنا ووٹ کاسٹ کیا۔
سینئر سیاستدان فاروق ستار نے پی آئی بی کالونی، سید مصطفیٰ کمال نے خیابان شجاعت ڈی ایچ اے کے اسکول اور آسیہ اسحاق نے آئی ایم اے اسکول ماڈل کالونی کے پولنگ اسٹیشن میں اپنا ڈالا۔
سابق وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے اپنا ووٹ واہڑ، ڈپٹی میئر کراچی سلمان عبداللّٰہ مراد نے اولڈ تھانہ ملیر اور سید خورشیدشاہ نے این اے 200 کے پولنگ اسٹیشن نمبر 202 پر ووٹ ڈالنے کا فریضہ ادا کیا۔
Pakistan election 2024 | Election 2024 Constituencies | Election 2024 candidates