لبنان اور شام ایرانی حمایت یافتہ عسکری گروپوں کو درپیش غیر معمولی صورت حال کے درمیان ایرانی وزیر خارجہ حسین امیر عبداللہیان دونوں ملکوں کے دورے پر پہنچیں گے۔ امکان ظاہر کیا گیا ہے کہ وزیر خارجہ حسین امیر عبداللہیان آج جمعہ کے روز لبنان میں ہوں گے۔
دوسری جانب شام کے صدر بشارالاسد کے حامی اخبار ‘ الوطن’ نے خبر دی ہے کہ ایران کے وزیر خارجہ اگلے ہفتے کے شروع میں شام کا دورہ کرنے آرہے ہیں۔’الوطن’ کے مطابق وزیر خارجہ حسین امیر عبداللہیان شام کے اندر ہونے والے تازہ اسرائیلی و امریکی حملوں کے علاوہ غزہ میں جاری جنگ کی صورت حال پر شام کی قیادت کے ساتھ تبادلہ خیال کریں گے۔ یہ بھی امکان ہے کہ وہ قطر کے دورے پر بھی جائیں گے۔ذرائع نے روئٹرز کو بتایا ہے پچھلے ہفتے ایرانی پاسداران انقلاب نے اپنے افسران کو شام سے واپس بلا لیا ہے۔ پاسداران انقلاب نے اپنے ان افسران کو شام میں اسرائیلی حملوں کے بعد واپس بلایا گیا ہے۔ تاہم شام میں ایران کے سفیر حسین اکبری کا کہنا ہے کہ ایران شام میں موجود ہے۔ایرانی سفیر نے کہا ‘ ہم شامی حکومت کے ساتھ رابطوں کے بغیر کوئی اقدام نہیں کریں گے۔ جہاں بھی شامی حکومت بھی چاہے گی ہم وہاں موجود ہوں گے۔ اس وقت بھی ہم شام میں اپنے فوج کے ساتھ موجود ہیں اور ہم نے شام سے پاسداران کا انخلاء نہیں کیا ہے۔واضح رہے شام میں پاسدارن کے ایک سینئیر کمانڈر کی ہلاکت بھی ہو چکی ہے۔ ماہ دسمبر سے لے کر اب تک اسرائیل نے چھ سے زائد پاسداران ارکان کو شام میں حملے کر کے قتل کیا ہے۔