پی ٹی آئی رہنما بیرسٹر گوہر علی خان نے کہا ہے کہ ہمارا پیپلز پارٹی اور (ن) لیگ کے ساتھ کوئی رابطہ نہیں ہوا، ان کے ساتھ اتحاد کرکے حکومت بنانے کا کوئی ارادہ نہیں ہے۔
سب تک نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے سینئر رہنما تحریک انصاف بیرسٹر گوہر علی خان کا کہنا ہے کہ اللہ کا شکر ہے کہ انتخابات کا عمل پُرامن طریقے سے مکمل ہو گیا۔
ان کا کہنا ہے کہ جیسے جیسے انتخابات کے نتائج سامنے آرہے ہیں سیاست کے بڑے بڑے برج الٹ رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہمارا پیپلز پارٹی اور (ن) لیگ کے ساتھ کوئی رابطہ نہیں ہوا، ان کے ساتھ اتحاد کرکے حکومت بنانے کا کوئی ارادہ نہیں ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ ہمارے پاس 150 سیٹوں کی اکثریت ہے اور توقع ہے کہ ہم حکومت سازی کی اکثریت کو پہنچ کر وفاق، پنجاب اور کے پی کے میں حکومت بنائیں گے۔
ان کا کہنا ہے کہ تحریک انصاف پارلیمنٹ میں رہے گی اور اپنا رول ادا کرے گی۔
کامیاب آزاد امیدوار تحریک انصاف کے حمایت یافتہ ہیں، وہ کسی پارٹی کو جوائن نہیں کریں گے بلکہ وہ اُسی پارٹی میں رہیں گے جس کی ہدایت انہیں بانی پی ٹی آئی کریں گے۔
واضح رہے کہ الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری کردہ نتائج کے مطابق قومی اسمبلی کے حلقے این اے 10 بونیر سے چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر علی خان 1 لاکھ 10 ہزار ووٹ لے کر کامیاب ہوگئے ہیں۔
اس حلقے سے عوامی نیشنل پارٹی کے امید وار عبدالروف 30 ہزار 302 ووٹ حاصل کرکے دوسرے نمبر پر رہے ہیں۔
قومی اسمبلی کے حلقے این اے 10 بونیر میں کُل ووٹرز کی تعداد 5 لاکھ 62 ہزار سے زائد ہے جبکہ اس حلقے سے ووٹنگ کا ٹرن آؤٹ 37.3 فیصد رہا۔