مسلم لیگ (ن ) کے سینیٹر مصدق ملک نے کہا ہے کہ کامیاب ہونے والے سارےآزاد امیدوار تحریک انصاف کے نہیں ہیں۔
سب تک نیوز کی خصوصی الیکشن نشریات میں گفتگو کے دوران مصدق ملک نے کہا کہ آزاد امید وار تقریباً 100 کے قریب نشستوں سےکامیاب ہوئے، سارے پی ٹی آئی کے نہیں ہیں۔
انہوں نے کہا کہ جتنے پولز بتارہے تھے اس کے مقابلے میں کم سیٹیں ملیں، جنہوں نے ن لیگ کے امیدواروں کو ووٹ کیا، ان کا شکرگزار ہوں۔
ن لیگی سینیٹر نے مزید کہا کہ امید ہے تمام امیدوار استقامت کےساتھ رہیں گے، اس معاملےمیں پی ٹی آئی کا ٹریک ریکارڈ اچھا نہیں۔
اُن کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کے بہت سے لوگ دیگر جماعتوں میں شامل ہوئے ہیں، ہمیں بھی تنظیمیں معاملات پر غور کرنا چاہیے۔
مصدق ملک نے یہ بھی کہا کہ سب سے زیادہ سیٹیں ملی ہیں، توقعات سے کم ہیں، پنجاب میں ہماری پوزیشن اس وقت مضبوط ہے۔
انہوں نے اعتراف کیا کہ ہم سے کہیں نہ کہیں کوتاہی ضرور ہوئی ہے، وفاق میں ہمارے پاس اتنی سیٹیں نہیں ہیں کہ ہم حکومت سازی کی طرف جائیں۔
ن لیگی سینیٹر نے کہا کہ جیسی بھرپور الیکشن مہم کرنا چاہیے تھی ویسی نہ کرسکے، میرے پاس اطلاع نہیں کہ پی ٹی آئی سے کوئی رابطہ کیا گیا ہو۔
اُن کا کہنا تھا کہ جیسی بھی حکومت آئے گی وہ عوام کے ووٹ سے ہی آئے گی، بہت سارے لوگوں نے ہم سے بھی رابطہ کیا ہے۔
مصدق ملک نے کہا کہ ولید اقبال کی مبارک باد پر شکریہ ادا کرتا ہوں، میں نے پی ٹی آئی سینیٹر سے کہا ہے کہ وہ اپنے کامیاب امیدواروں پر نظر رکھیں۔
Pakistan election 2024 | Election 2024 Constituencies | Election 2024 candidates