لاہور ( سب تکرپورٹ) مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف کی زیر صدارت اہم اجلاس ہوا جس میں حکومت سازی کے حوالے سے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اجلاس میں اسحاق ڈار، خواجہ سعد رفیق، سردار ایاز صادق، مریم اورنگزیب، ملک محمد احمد خان، اعظم نذیر تارڑ، خواجہ عمران نذیر اور عطاء اللہ تارڑ شریک ہوئے۔ شہباز شریف نے مختلف جماعتوں سے ہونے والے رابطوں کے بارے میں اجلاس کو آگاہ کیا۔ اجلاس میں حکومت سازی کیلئے مختلف آپشنز پر مشاورت کی گئی۔ پارٹی رہنماؤں نے آٹھ فروری کے انتخابات میں کامیابی پر شہباز شریف کو مبارکباد دی۔ اس موقع پر شہباز شریف نے کہا کہ اللہ کے کرم اور عوام کی حمایت سے مسلم لیگ ن سب سے بڑی جماعت بن کر ابھری ہے۔ انشاء اللہ عوام کی توقعات پر پورا اتریں گے، حکومت کا ہدف عوام کو مہنگائی اور مسائل سے نجات دلانا ہوگا۔ تمام سیاسی قوتوں کو پاکستان کیلئے ایک ہونا ہو گا۔