لاہور( خصوصی رپورٹر) امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے الیکشن نتائج کو جعلی اور دھاندلی زدہ قرار دیتے ہوئے الیکشن کمشنر کے فوری استعفیٰ اور تحقیقات کے لیے آزاد اور غیر جانبدار کمیشن کے قیام کا مطالبہ کیا ہے۔ منصورہ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کراچی میں جماعت اسلامی کا مینڈیٹ چرایا گیا۔ تمام آزاد سرویز کے مطابق شہر کراچی میں جماعت اسلامی اور پی ٹی آئی کے حمایت یافتہ امیدواروں کے درمیان مقابلہ تھا، ایم کیوایم کہیں موجود نہ تھی لیکن عوام کے حق پر ڈاکہ ڈالتے ہوئے اسے جتوایا گیا، رزلٹ روک کر جعلسازی کی گئی اور چوتھے پانچویں نمبر پر موجود پارٹی کو پہلے نمبر پر لاکھڑا کیا گیا، اس جعل سازی کو قبول نہیں کریں گے، الیکشن کمیشن نے نتائج کو درست نہ کیا تو احتجاج کو اس کے ہیڈ آفس اسلام آباد تک وسیع کر سکتے ہیں۔۔امیر جماعت نے کہا کہ پنجاب میں واضح طور پر ن لیگ کے حق میں نتائج ترتیب دیے گئے، الیکشن کمیشن نے ن لیگ، پی پی اور ایم کیو ایم کو سپورٹ کیا، سب کے لیے لیول پلیئنگ فیلڈ نہ تھی، ان کا کہنا تھا کہ جعلی الیکشن کی حکومت بھی جعلی ہوگی۔ الیکشن کے دوران انٹرنیٹ اور موبائل سروس وعدہ کے برعکس بند کردی گئی ۔ امیر جماعت نے کہا کہ کراچی میں 100پولنگ سٹیشنز پر پولنگ کا عمل تین بجے شروع ہوا،ایم کیو ایم کے پاس بیلٹ پیپرز 7فروری کو ہی پہنچ گئے، بعض پولنگ سٹیشنز پر ہمارے پولنگ ایجنٹس کو فارم 45نہیں دیا گیا۔ اسلام آباد میں فارم 45کے مطابق ہمارے امیدوار کے 19ہزار ووٹوں کوفارم 47پر 1900میں بدل دیا گیا۔