جماعت اسلامی کے امیر سراج الحق نے کہا ہے کہ الیکشن کمیشن نے ن لیگ، پی پی اور ایم کیو ایم کو سپورٹ کیا، چیف الیکشن کمشنر فوری مستعفی ہو جائیں۔منصورہ میں اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے سراج الحق نے کہا کہ سب کے لیے لیول پلیئنگ فیلڈ نہیں تھی. یہ ووٹرز کے ساتھ زیادتی تھی جس کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے۔
اُنہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن شفاف انتخابات کروانے کی آئینی ذمہ داری پوری کرنےمیں ناکام ہوا. الیکشن نتائج جعلی اور دھاندلی زدہ ہیں.جعلی الیکشن کے نتیجےمیں بننے والی حکومت بھی جعلی ہو گی۔امیر جماعت اسلامی نے مزید کہا کہ تحقیقات کے لیے آزاد اور غیر جانبدار کمیشن قائم کیا جائے.کراچی میں جماعت اسلامی کا مینڈیٹ چرا کر ایم کیو ایم کو جتوایا گیا. کراچی کے عوام اس جعل سازی کو قبول نہیں کریں گے۔انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی اس کے خلاف بھرپور احتجاج کر رہی ہے. الیکشن کمیشن نے نتائج کو درست نہ کیا تو احتجاج اس کے ہیڈ آفس اسلام آباد تک بڑھا سکتے ہیں۔ آزاد امیدوار بھی ہمارے ساتھ مظاہرے میں شریک ہونا چاہیں تو خوش آمدید کہیں گے۔