متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان کے کنوینر خالد مقبول صدیقی نے کہا ہے کہ مسلم لیگ ن سے حکومت سازی پر کوئی بات نہیں ہوئی۔ ن لیگ سے ملک کو بحران سے نکالنے کےلیے بات ہوئی۔
لاہور سے واپسی پر کراچی ایئرپورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انکا کہنا تھا کہ سیاسی اور مالیاتی استحکام پر بات ہوئی ہے۔
خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ معاہدوں سے متعلق خبر درست نہیں ہے۔
کنوینر ایم کیو ایم نے کہا انتخابات نے چیلنجنگ صورتحال پیدا کر دی ہے۔حکومت سازی کیلیے گفتگو کا آغاز نہیں ہوسکا۔
خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ پاکستان کو درپپیش خطرات سے نکالنے کیے لیے باہمی تعاون کی بات ہوئی۔ اپنے سیاسی مفادات کو ایک طرف رکھنا ہوگا، تمام ادارے تعاون کریں۔
انھوں نے کہا کہ حکومت سازی سے پہلے بیٹھ کر کوئی لائحہ عمل طے کرنا ہوگا۔ حکومت بننے کے بعد ہمارا کیا حصہ ہوگا یا نہیں یہ آگے کی بات ہے۔
انکا کہنا تھا کہ معاملہ اقتدار کا نہیں عوام اور ملکی استحکام کا ہے، غیر اقتدار کے بھی ہم نے خدمت کرکے دکھایا ہے۔ سیاسی مفادات کو ہمیں ختم کرنا ہوگا۔ پاکستان مسلسل معاشی بحران سمیت دیگر بحرانوں سے گزر رہا ہے۔