لاہور( سب تکرپورٹ) مرکزی جمعیت اہل حدیث پاکستان کے امیر سینیٹرپروفیسر ساجد میر نے کہا ہے کہ غزہ میں اسرائیلی جارحیت کی انتہا ہوچکی ہے۔ جس پر اقوام متحدہ سلامتی کونسل اور او آئی سی کی بے حسی قابل مذمت ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے گذشتہ روز مرکزی جمعیت اہل حدیث سندھ کے زیر انتظام’’دفاع فلسطین علماء کنونشن‘‘ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ کنونشن سے ممتاز عالم دین علامہ عبد اللہ ناصر رحمانی،پروفیسر ابراہیم بھٹی،مفتی یوسف قصوری،پروفیسر حافظ محمد سلفی،ڈاکٹر عبد الحئی مدنی، مولانا ابراہیم طارق، مولانا افضل سردار، حافظ فیصل افضل شیخ، محمد اشرف قریشی، سید عامر نجیب، حافظ عبد الحمید گوندل، مولانا عبد اللہ ناصر مدنی، ایم مزمل صدیقی، مفتی رفیق سلفی، مولانا یوسف کاظم، مولانا انس مدنی، حافظ سلمان اعظم، مولانا سلمان احمد، مولانا اسحاق نذیر، مولانا کامران سلیم، مولانا نعمان اصغر چوہدری خالد محمود ادریس گجر، مولانا عبد الوھاب سیٹھار، مولانا محب اللہ زئی، اور دیگر علمائے اہل حدیث نے بھی خطاب کیا۔ سینیٹر ساجد میر کا کہنا تھا کہ شرم کی بات ہے کہ یہودی غزہ کے مسلمانوں پر ظلم کرتے ہوئے نہیں تھکے مسلمان ان کی مصنوعات کا بائیکاٹ کرتے ہوئے تھک گئے۔ انہوں نے کہا کہ یہودی مصنوعات کا بائیکاٹ پوری شدت سے جاری رہنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ امریکہ اور یورپ کی دوغلی پالیسیوں نے دنیا کے امن کو خطرے میں ڈال دیا ہے، انہیں یوکرین جنگ میں انسانی حقوق کی خلاف ورزی نظر آتی ہے لیکن فلسطین میں مسلمانوں کی نسل کشی نظر نہیں آتی۔