پاکستانی معروف یوٹیوبر معاذ صفدر نے انکشاف کیا ہے کہ ان کے ایک غلط فیصلے کی وجہ سے ان کا 4 کروڑ روپے سے زائد کا نقصان ہوگیا ہے۔
حال ہی میں شیئر کئے گئے وی لاگ میں معاذ صفدر نے بتایا کہ انہوں نے وی لاگنگ سے کمائے پیسوں سے مختلف کاروبار میں سرمایا کاری کی ہے ۔
تاہم انہوں نے اعتراف کیا ہے کہ ریزورٹ کھولنا ان کی زندگی کا سب سے بڑا غلط فیصلہ تھا جس کے باعث ان کے دیگر دو کاروبار بھی متاثر ہوئے۔
انہوں نے بتایا کہ جس وقت سوات میں ریزورٹ کرائے پر لیا اس وقت پاکستانی معیشت زوال کا شکار تھی، مہنگائی ڈالر کی بڑھتی ہوئی قیمت کے باعث آسمان چھو رہی تھی، اس وجہ سیاحت کا شعبہ زوال پزیر ہو رہا تھا۔
معاذ صفدر نے بتایا کہ بہتر مستقبل کی امید لگا کر اس کاروبار میں مسلسل ایک سال تک ماہانہ 40 لاکھ روپے کا سرمایہ لگاتے رہے۔ پہاڑوں پر ہونے کی وجہ سے اس کی مرمت پر بھی کافی اخراجات آتے ہیں، ہم نے اسٹاف بھی اچھے سے اچھا رکھا اور دیگر چیزوں پر بھی کافی انویسٹمنٹ کی تاکہ ہر طرح کی سہولتیں فراہم کرسکیں۔
انہوں نے بتایا کہ سیاحت نہ ہونے کے برابر ہے لیکن جتنے لوگ اس عرصے میں ریزورٹ پر آئے وہ خوش ہوکر تعریف کرکے گئے ہیں مگر ان کی تعداد اتنی کم تھی کہ میں اس ریزورٹ سے کمائی نہیں کر پایا اور اب تک تقریباً 4 سے 5 کروڑ کی سرمایا کاری اپنی جیب سے لگا چکے ہیں جو ڈوب چکی ہے۔
معاذ صفدر نے کاروبار کی خواہش رکھنے والے اپنے صارفین کو مشورہ دیا کہ ایک وقت میں صرف ایک کاروبار کریں جب تک ایک کاروبار کامیاب نہ ہوجائے دوسرا شروع نہ کریں۔