سپر ہٹ بالی ووڈ فلم دنگل سے شہرت حاصل کرنے والی آنجہانی سہانی بھٹناگر کی موت پر دکھی انکی والدہ نے کہا ہے کہ ہمیں دنگل والی لڑکی کے والدین کے طور پر جانا جاتا تھا۔
جمعہ کو صرف 19 برس کی عمر میں اس دنیا سے چلی جانے والی سہانی بھٹناگر کی والدہ پوجا بھٹناگر نے بھارتی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سہانی بالی ووڈ سپر اسٹار عامر خان کے بہت قریب تھیں اور عامر خان اس سے رابطے میں رہتے تھے۔
پوجا بھٹناگر کا کہنا تھا کہ عامر خان نے جنوری میں اپنی بیٹی ائرا خان کی شادی میں بھی سہانی اور ہم سب کو مدعو کیا تھا، لیکن سہانی کی بیماری کی وجہ سے ہم جا نہیں سکے تھے۔
اپنی بیٹی کی زندگی اور موت کے بارے میں گفتگو کرتے ہوئے سہانی کی والدہ نے کہا کہ ہمیں اس پر فخر ہے۔ ہر والدین اس پر بات پر فخر کرتے ہیں کہ وہ اپنے بچے کے نام سے جانے جائیں۔
انہوں نے کہا کہ ہماری کیا شناخت تھی؟ ہمیں جو بھی شناخت ملی وہ تو سہانی کی وجہ سے ملی ہے۔
ٹوٹے دل اور آنکھوں میں آنسوؤں کے ساتھ انکا کہنا تھا سب کہتے تھے کہ یہ دنگل والی لڑکی کے والدین ہیں۔ جہاں جاتے اسی سے پہچان ملتی۔
پوجا بھٹناگر کا کہنا تھا کہ ہر ایک کو اپنا بچہ بہت اچھا لگتا ہے، پر ہمارا بچہ ہمیں بہت فخر دے کر گیا ہے۔