سپر ہٹ بالی ووڈ فلم ’دنگل‘ سے شہرت حاصل کرنے والی آنجہانی سہانی بھٹناگر کی موت پر اسلام کی خاطر بالی ووڈ چھوڑنے والی سابقہ بھارتی اداکارہ زائرہ وسیم نے بھی گہرے دکھ کا اظہار کیا۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق زائرہ وسیم نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم انسٹاگرام پر اسٹوری شیئر کرکے ساتھی اداکارہ کی اچانک موت پر شدید غم کا اظہار کیا۔
انہوں نے لکھا کہ میں سہانی بھٹناگر کی اچانک موت کی خبر سُن کر شدید صدمے میں ہوں، اس ناقابل یقین حد تک مشکل وقت میں میری دُعائیں سہانی بھٹناگر کے والدین کے ساتھ ہیں۔
اُنہوں نے مزید کہا کہ یہ سوچ کر میرا دل دُکھ سے بھر رہا ہے کہ سہانی بھٹناگر کے والدین اس مشکل وقت میں خود کو کیسے سنبھال رہے ہوں گے، وہ اپنی بیٹی کی موت کو کیسے برداشت کریں گے۔
واضح رہے کہ سہانی بھٹناگر نے بالی ووڈ کے مسٹر پرفیکشنسٹ عامر خان کی سُپر ہٹ فلم ’دنگل‘ میں اُن کی بیٹی ببیتا کماری کے بچپن کا کردار ادا کیا تھا، دنگل کے بعد سہانی بھٹناگر نے اداکاری سے وقفہ لے لیا تھا کیونکہ وہ اپنی پڑھائی پر توجہ دینا چاہتی تھیں۔
تاہم آنجہانی اداکارہ کے اہل خانہ کے مطابق 2 ماہ قبل اداکارہ (Dermatomyositis) نامی نایاب بیماری میں مبتلا ہوئی تھیں جو جِلد پر خارش اور پٹھوں کی کمزوری کا باعث بنتی ہے جس کی تشخیص اداکارہ کی موت سے صرف 10 دن پہلے ہی ہوئی تھی۔