بالی ووڈ لیجنڈ اداکاروں دھرمیندر اور ہیما مالنی کی بیٹی، اداکارہ ایشا دیول اپنے بزنس مین شوہر بھرت تکھتانی سے علیحدگی کے بعد اب متوقع طور پر دوبارہ اپنے کیریئر پر توجہ دیں گی۔
اس حوالے سے ہیما مالنی نے اپنے ایک حالیہ انٹرویو میں ایشا دیول کے سیاست کے میدان میں قدم رکھنے کی توقع ظاہر کی ہے۔
اداکارہ سے انٹرویو کے دوران پوچھا گیا کہ ’کیا آپ اپنے خاندان کے کسی فرد کو سیاست کرتے ہوئے دیکھنا چاہیں گی؟‘
اُنہوں نے اس سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ ’ایشا سیاست کی طرف بہت زیادہ مائل ہیں اور اگر وہ سیاست کرنے میں بھی دلچسپی رکھتی ہیں تو آئندہ چند سالوں میں وہ ضرور سیاست میں آ جائیں گی‘۔
واضح رہے کہ اداکارہ ہیما مالنی ایک دہائی سے زائد عرصے سے سیاست کے میدان میں سرگرم ہیں اور فی الحال وہ بھارتی ریاست اتر پردیش کے پارلیمانی حلقہ متھورا سے بی جے پی کی نمائندگی کر رہی ہیں اور کبھی کبھی فلموں میں بھی نظر آتی ہیں۔