تامل فلموں کے ڈائریکٹر مانی کندن کو چوروں نے ان کے گھر سے چوری کیا ہوا نیشنل ایوارڈ واپس کردیا۔
یہ عجیب وغریب واقعہ بھارتی ریاست تامل ناڈو کے ضلع مادورائی میں اس وقت پیش آیا جب بھارتی ہدایتکار مانی کندن کے گھر چوری کی واردات ہوئی جس میں چور ایک لاکھ بھارتی روپے، سونا اور نیشنل ایوارڈ سمیت دیگر ایوارڈز چوری کرکے لے گئے۔
بعد ازاں حیرت انگیز طور پر چور بھارتی ہدایتکار کے گھر باہر پلاسٹک کی تھیلی میں ایوارڈز رکھ کر چلے گئے اور ایوارڈ کے ساتھ ایک نوٹ بھی چھوڑ کر گئے۔
چوروں کی جانب سے چھوڑے گئے نوٹ میں لکھا تھا کہ’سر، ہمیں معاف کر دیں، یہ آپ کی محنت کا انعام ہے اس لیے ہم یہ واپس کر رہے ہیں‘۔
بھارتی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق، پولیس اس واقعے کی تحقیقات کر رہی ہے لیکن ابھی تک چوروں کا کوئی سراغ نہیں لگا سکی۔