علی ظفر نے ساتھی گلوکار عاطف اسلم سے جھگڑے اور خراب تعلقات سے متعلق گردشی خبروں پر خاموشی توڑ دی۔
علی ظفر نے حال ہی میں اداکار و میزبان احمد علی بٹ کے شو میں بطور مہمان شرکت کی جہاں انہوں نے اپنے کیرئیر اور نجی زندگی کے بارے میں کھل کر گفتگو کی۔
دورانِ انٹرویو احمد علی بٹ نے گلوکار سے سوال کیا کہ لوگ آپ کے اور عاطف کے درمیان جھگڑے یا خراب تعلقات کے بارے میں باتیں کرتے ہیں کیا یہ سچ ہے آپ دونوں ایک دوسرے کے حریف ہیں؟ ویسے ایسا ہمیشہ 2 مقبول بینڈز کے درمیان ہوتا آیا ہے۔
ساتھی گلوکار عاطف اسلم سے لڑائی کے متعلق سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ہم دونوں پہلے ایک ساتھ اُٹھتے بیٹھتے تھے لیکن اب دونوں ہی اپنی زندگی میں مصروف اور کامیاب کیریئر ہے۔ میں اس بات پر یقین رکھتا ہوں کہ فنکاروں کو ہمیشہ آپس میں مل جل کر رہنا چاہیے، ایک دوسرے سے دشمنی یا مقابلے بازی نہیں کرنی چاہئے۔
انہوں نے کہا کہ کوئی بھی ہمیشہ کے لیے یہاں نہیں ہے، میں آج ہوں کل نہیں ہوں گا ایسے ہی عاطف بھی آج ہے ممکن ہے کل نہیں ہوگا، یہی ہوتا آیا ہے۔
علی ظفر نے ماضی کے معروف گلوکاروں کی مثال دیتے ہوئے کہا کہ ماضی میں لیجنڈ گلوکار عالمگیر صاحب اور شیخی صاحب کو دیکھ لیں ان کے درمیان بھی ماضی میں مقابلے ہوتے تھے لیکن آج وہ دونوں ایک دوسرے کو گلے لگاتے ہیں۔ اتنا وقت لڑائی میں ضائع ہوگیا، کیا فائدہ ہوا؟
انہوں بتایا کہ میں نے عاطف اسلم سے بات کی لیکن میں اس بارے میں لوگوں کو نہیں بتاؤں گا کیونکہ وہ میرے پاس امانت ہے تاہم اس کا خلاصہ یہ ہے کہ ہر انسان ایک دوسرے سے مختلف ہے اور سب کا زندگی گزارنے کا اپنا طریقہ ہے، ہوسکتا ہے کہ ہمارا کسی چیز کو لیکر ایک دوسرے سے اختلاف ہو لیکن یہ ہی چیز ہم کو منفرد اور خوبصورت بناتی ہے اور عاطف کی اپنی ایک دنیا ہے اسے اس میں رہنا پسند میں اس چیز کی قدر کرتا ہوں۔
علی ظفر نے مزید کہا کہ فنکاروں کو آپس میں خوشگوار ماحول رکھنا چاہئے اور نئے ٹیلنٹ کو بھی جگہ دینی چاہئے تاکہ نیا کام سامنے آسکے۔