بالی ووڈ اداکارہ عائشہ تاکیہ نے تنقید کرنے والوں پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے ان کو کھری کھری بھی سنادی۔
بھارتی میڈیا کے مطابق عائشہ تاکیہ کئی برس بعد حال ہی میں فوٹوگرافروں کو نظر آئی تھیں جس کے بعد ان کے چہرے پر سوشل میڈیا پر تنقید کی جارہی تھی۔
سوشل میڈیا پر عائشہ تاکیہ نے لکھا کہ میں دو دن پہلے گووا پہنچی تھی، میری بہن اسپتال میں ہے، اس دوران ایئرپورٹ پر فوٹوگرافرز کے روکنے پر میں نے تصاویر بنوائیں۔
اداکارہ نے لکھا کہ ایسا لگتا ہے ملک میں میری شکل و صورت پر بات کرنے کے علاوہ کوئی اور اہم مسئلہ ہے ہی نہیں، لوگوں کے خیال میں مجھے کیسا نظر آنا چاہیے تھا اور کیسا نہیں، تو میرا پیچھا چھوڑ دیں۔
انہوں نے لکھا کہ مجھے کوئی بھی فلم کرنے یا بالی ووڈ میں واپسی میں کوئی بھی دلچسپی نہیں ہے، میں خوشحال زندگی گزار رہی ہوں اور کسی قسم کی شہرت میں دلچسپی نہیں رکھتی اور نہ کسی فلم میں آنا چاہتی ہوں تو میری پرواہ نہ کریں۔
عائشہ تاکیہ نے تنقید کرنے والوں کے لیے اپنے پیغام میں لکھا کہ مجھے ایک بہترین زندگی نصیب ہوئی ہے اور مجھے آپ کی رائے کی ضرورت نہیں ہے۔
واضح رہے کہ 37 سالہ عائشہ تاکیہ نے فرحان اعظمی سے 2009ء میں شادی کی تھی، جو ہوٹل بزنس سے وابستہ ہیں، جس کے بعد انہوں نے بالی ووڈ کو خیر باد کہہ دیا تھا۔
وہ آخری بار 2011ء میں فلم موڈ میں نظر آئیں، اس سے قبل انہوں نے ٹارزن سے بالی ووڈ میں ڈیبیو کیا تھا، بعدازاں انہوں نے دل مانگے مور، ڈور، نو اسموکنگ، وانٹڈ، سلام عشق اور پاٹ شالا میں کام کیا۔