بھارتی میوزک پروگرام چھوٹے استاد سے بین الاقوامی شہرت حاصل کرنے والے گلوکار فرخ علی مون کی اپنے پسندیدہ اور شہرہ آفاق بھارتی گلوکار سونو نگم سے 14 سال بعد دبئی میں ملاقات ہوئی، دونوں نے جذباتی ملاقات کے دوران ایک دوسرے کو گلے لگایا۔
سونو نگم اپنے شاگرد و پاکستانی گلوکار فرخ علی مون کو گلے لگا کر بوسے دیتے ہوئے آنکھوں میں آنسوں لیے اپنے جذبات کا اظہار کرتے رہے۔ اس ملاقات کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی ہے۔
واضح رہے کہ دونوں گلوکاروں نے دبئی میں منعقدہ ارینا کلب میں منعقدہ میوزک کنسرٹ میں ملاقات کی۔
اس حوالے سے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سونو نگم کا کہنا تھا کہ مجھے اپنے بہت ہی پیارے فرخ علی مون سے کئی سالوں بعد ملاقات پر بےحد خوشی محسوس ہو رہی ہے۔
انکا مزید کہنا تھا کہ مون نے چھوٹی سی عمر میں اپنی آواز سے ہمارے دل جیت لیے تھے، اب بڑا ہو کر بھی موسیقی کی دنیا میں بہت نام پیدا کرے گا۔
اس موقع پر فرخ علی مون نے کہا کہ مجھے اپنے ماں باپ کے بعد میرے پسندیدہ گلوکار سونونگم جی سے اتنا پیار ملا ہے جو میں الفاظوں میں بیان نہیں کر سکتا۔
فرخ مون کا مزید کہنا تھا کہ سونو جی کی دعوت پر دبئی میں ان سے ملاقات ہوئی جو میری زندگی کا ایک خوشگوار لمحہ ہے، انہوں نے میرے کام کی بھی تعریف کی اور میرے لیے نیک تمناوں کا اظہار کیا ہے۔
یاد رہے کہ فرخ علی مون کو بالی ووڈ فنکاروں میں چھوٹی سے عمر میں ہی کافی پذیرائی حاصل ہوچکی ہے جو گاہے بگاہے ان کے لیے اپنی محبتوں کا اظہار بھی کرتے ہوئے نظر آتے ہیں۔