مسلم لیگ ن کے نو منتخب ایم این اے رانا حیات نے ایس ایچ او کو حوالات میں بند کرنے کی دھمکی دے دی۔
ناروا سلوک کے الزام پر نومنتخب ن لیگی ایم این اے پر شکایت درج کر لی گئی۔
شکایت کے مطابق رانا حیات نے ایس ایچ اوز کو حوالات میں بند کرنے کی دھمکی دی، انہوں نے بدتمیزی کی اور غیر اخلاقی القاب سے منسوب کیا۔
واضح رہے کہ پھول نگر میں ڈاکوؤں نے دو روز قبل سے ایک شخص کو گولی مار کر قتل کر دیا تھا، نومنتخب ایم این اے رانا حیات تعزیت کے لیے مقتول کے گھر گئے تھے، مقتول عبدالرشید کے گھر پر رانا حیات کی پولیس کے ساتھ تکرار ہوئی تھی۔
رانا حیات خان نے کہا تھا کہ لوگ قتل ہو جائیں اور پولیس موجیں کرتی رہے، پولیس 8 دن کے اندر اندر قتل کے ملزمان گرفتار کرے، میں دیکھتا ہوں تم حوالات میں کیسے بند نہیں ہوتے۔
انہوں نے کہا تھا کہ تم لوگ ابھی تک ایک بھی واردات کے ملزمان نہیں پکڑ سکے، قاتل نہ پکڑے تو ایس ایچ او صدر اور ایس ایچ او سرائے مغل حوالات میں بند ہوں گے۔