بھارتی انتہا پسندی نے مسلمان بنگالی مسافر کے شدید بیمار ہونے کے باوجود طیارہ ممبئی اترنے نہیں دیا، ایئر ٹریفک کراچی نے پرواز کو میڈیکل ایمرجنسی لینڈنگ کی اجازت دی۔
ایوی ایشن ذرائع کے مطابق سعودی ایئر لائن کی پرواز ایس وی 805 بنگلادیشی دارالحکومت ڈھاکا سے ریاض جا رہی تھی کہ بھارتی فضائی حدود میں بنگلا دیشی شہری کی طبیعت خراب ہو گئی۔
ایئر لائن کے ذرائع کے مطابق پائلٹ نے قریبی ممبئی ایئر پورٹ پر لینڈنگ کے لیے طیارے کا رخ موڑ دیا، پائلٹ نے اے ٹی سی ممبئی سے انسانی ہمدردی کی بنا پر لینڈنگ کی اجازت طلب کی۔
ایئر ٹریفک کنٹرولر ممبئی کی جانب سے جواب ملنے تک طیارہ ممبئی کی لینڈنگ اپروچ لے چکا تھا۔
اس موقع پر اے ٹی سی ممبئی نے متاثرہ مسافر کی قومیت اور دیگر تفصیلات مانگیں اور پھر ممبئی ایئر پورٹ حکام نے بنگلا دیشی مسلمان مسافر کو آف لوڈ کرنے سے انکار کر دیا۔
ایئر ٹریفک کنٹرول ممبئی نے سعودی طیارے کو لینڈنگ دینے سے صاف منع کر دیا جس کے بعد پائلٹ نے لینڈنگ منسوخ کر کے اے ٹی سی کراچی سے لینڈنگ کی اجازت طلب کی تو اے ٹی سی کراچی نے انسانی ہمدردی کی بنیاد پر لینڈنگ کی اجازت دے دی۔
ہنگامی صورتِ حال ہونے کے باوجود سعودی طیارہ دگنا سفر کر کے صبح 7 بج کر 28 منٹ پر کراچی لینڈ کر گیا۔
سول ایوی ایشن کی میڈیکل ٹیم نے مسافر کو طیارے میں طبی فوری امداد دی۔
ہائی بلڈ پریشر سے متاثرہ 44 سالہ بنگلا دیشی مسافر ابو طاہر کی حالت انتہائی خراب تھی، جسے ہائی بلڈ پریشر کے باعث مسلسل قے آ رہی تھیں۔
ایئر لائن ذرائع کے مطابق بنگالی شہری کو طبی امداد دے کر سعودی طیارہ کراچی سے ریاض کی جانب روانہ ہو گیا۔