پی ایس ایل کا سیزن 9 لاہور اور ملتان میں اپنی آب و تاب کے ساتھ جاری ہے تاہم اتوار کو ملتان سلطانز اور کراچی کنگز کے درمیان ہونے والے میچ میں اداکارہ اور کرکٹر شعیب ملک کی اہلیہ ثناء جاوید کے ساتھ ایک ناخوشگوار واقعہ پیش آیا۔
ہوا کچھ یوں کہ حال ہی میں دوسری بار رشتہ ازدواج میں منسلک ہونے والی معروف پاکستانی اداکارہ ثناء جاوید اپنے شوہر اور کراچی کنگز کی نمائندگی کرنے والے کھلاڑی شعیب ملک کی حوصلہ افزائی کی خاطر میچ دیکھنے کے لیے آئیں۔
تاہم گراؤنڈ میں موجود شائقین کرکٹ نے ان پر آوازیں کسنا شروع کردیں جس پر اداکارہ نے انتہائی تحمل کا مظاہرہ کیا اور خاموش ردعمل ظاہر کیا۔
یہ بات یہیں نہیں رُکی بلکہ جب یہ لمحات سوشل میڈیا کی زینت بنے تو صارفین نے اس عمل کو ’بد تہذیبی‘ قرار دیا۔
سوشل میڈیا صارفین نے تماشائیوں کے اس عمل کی شدید مذمت کی اور اس پر افسوس کا بھی اظہار کیا جس کے بعد ثناء جاوید کا نام سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس (سابق ٹوئٹر) پر ٹرینڈ کرنے لگا۔