بالی ووڈ کنگ شاہ رخ خان نے اپنی بلاک بسٹر فلم ’جوان‘ کے لیے بہترین اداکار کا ایوارڈ اپنے نام کیا ہے۔
20 فروری کو ممبئی میں دادا صاحب پھالکے انٹرنیشنل فلم فیسٹیول ایوارڈز (DPIFF) 2024ء کی تقریب منعقد ہوئی جس میں شاہ رخ خان کو اُن کی فلم ’جوان‘ کے لیے بہترین اداکار کا ایوارڈ دیا گیا۔
ایوارڈ کی اس تقریب سے سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو کلپ وائرل ہو رہا ہے جس میں شاہ رخ خان کو ایوارڈ وصول کرنے کے بعد دلچسپ تقریر کرتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔
اُنہوں نے اپنی تقریر میں کہا ہے کہ میں تمام جیوری ممبران کا شکریہ ادا کرنا چاہتا ہوں جنہوں نے مجھے بہترین اداکار کے ایوارڈ کے لائق سمجھا کیونکہ بہت سال ہو گئے مجھے بہترین اداکار کا ایوارڈ نہیں ملا تو ایسا لگنے لگا تھا کہ اب مجھے یہ ایوارڈ کبھی ملے گا ہی نہیں۔
اداکار نے کہا کہ مجھے کئی سال بعد یہ ایوارڈ وصول کر کے بہت خوشی ہوئی اور مجھے ایوارڈز بہت اچھے لگتے ہیں کیونکہ میں اس معاملے میں تھوڑا لالچی ہوں۔
اُنہوں نے کہا کہ مجھے خوشی ہے کہ مداحوں نے میرے کام کو پسند کیا لیکن ایک بار پھر میں یہ کہنا چاہوں گا کہ صرف ایک فنکار کا کام اہم نہیں ہوتا بلکہ پوری ایک ٹیم کی محنت سے ہی کوئی بھی شاہکار تیار کیا جاتا ہے تو میں ان سب کا بہت شکریہ ادا کرتا ہوں جنہوں نے یہ ایوارڈ حاصل کرنے میں میری مدد کی۔
شاہ رخ خان نے اپنی تقریر کے آخر میں کہا کہ میں وعدہ کرتا ہوں کہ میں سخت محنت کرتا رہوں گا اور بھارت و بیرونِ ملک رہنے والے مداحوں کو انٹرٹین کرتا رہوں گا۔