پاکستان شوبز انڈسٹری کی معروف اداکارہ عینی جعفری نے نوجوان لڑکیوں کو بتا دیا کہ جیون ساتھی تلاش کرتے ہوئے کن باتوں کا خیال رکھیں۔
حال ہی میں اداکارہ نے طویل عرصے کے بعد نجی پوڈکاسٹ میں بطور مہمان شرکت کی اور اپنے کیرئیر کے حوالے سے کھل کر بات کی اور شادی کی خواہش مند لڑکیوں کو شادی سے متعلق مشورے بھی دیے۔
انہوں نے شادی کی خواہش مند لڑکیوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ایسے لڑکیاں جو یہ سوچتی ہیں کہ شادی کے بعد وہ اپنے شوہروں کو بدل لیں گی تو وہ بالکل غلط ہیں وہ کبھی نہیں بدلے گا۔
انہوں نے کہا کہ یہ ہر لڑکی کا حق ہے کہ وہ ایک اچھے انسان سے شادی کرے، آپ کو اپنے ہونے والے شوہر کی ماں بننے کی ضرورت نہیں ہے، آپ اس کی والدہ نہ بنیں کہ میں اس کو ٹھیک کروں گی وہ ان کی والدہ کا کام تھا وہ آپ کا کام نہیں ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ اگر کوئی لڑکی ایسا سوچتی ہے تو پھر وہ اپنے بچوں کے لیے بھی والدہ کا کردار ادا کر رہی ہوگی اور اپنے شوہر کے لیے بھی، پھر وہ سب کی ’اماں‘ بن کر سب کو پال رہی ہوگی۔
واضح رہے کہ عینی جعفری فروری 2014 میں فارس رحمان کے ساتھ رشتہ ازدواج میں منسلک ہوئیں اور ان کا ایک بیٹا ہے۔
یاد رہے کہ گزشتہ سال طویل عرصے بعد شوبز انڈسٹری میں دوبارہ واپس آتے ہی اداکارہ عینی جعفری نے بالی ووڈ میں ڈیبیو دینے کا اعلان کیا تھا۔