بالی ووڈ کی معروف اداکارہ سونم کپور نے اپنے والد، اداکار انیل کپور کے 67 سال کی عمر میں بھی جوان نظر آنے کا راز بتا دیا۔
سونم کپور نے حال ہی میں صحت مند زندگی گزارنے کے حوالے سے لکھی گئی ایک کتاب کی رونمائی کی تقریب میں شرکت کی۔
اُنہوں نے تقریب کے دوران انکشاف کیا کہ میرے والد انیل کپور کے ابھی تک جوان نظر آنے کی وجہ یہ ہے کہ وہ صحت کے معاملے میں ہمیشہ کافی محتاط رہتے ہیں نہ تو وہ سگریٹ پیتے ہیں اور نہ ہی شراب پیتے ہیں بلکہ صرف صحت بخش کھانا کھاتے ہیں۔
اداکارہ نے انیل کپور کے بھائیوں کے طرزِ زندگی کے بارے میں بات کرتے ہوئے کہا کہ بونی چاچو کو مزیدار زندگی گزارنا پسند ہے تو وہ کھانا بہت شوق سے کھاتے ہیں اور کبھی کبھی شراب بھی پیتے ہیں جبکہ سنجے چاچو ایک اعتدال پسند انسان ہیں لیکن وہ دونوں بھی اچھے اور صحت مند نظر آتے ہیں۔
اُنہوں نے اپنے دادا اور فلم پروڈیوسر سریندر کپور کی بھی مثال دی جو سر کے بال سفید ہونے کے باوجود بھی بالکل ویسے ہی نظر آتے تھے جیسے کہ وہ اپنی جوانی میں تھے۔
سونم کپور نے انیل کپور کے جوان نظر آنے کا کریڈٹ اپنی والدہ سنیتا کپور کو دیتے ہوئے مزید بتایا کہ بہت سال پہلے کی بات ہے کہ میری والدہ نے ممبئی میں پہلا ذاتی جم شروع کیا تھا کیونکہ وہ ہمیشہ سے محتاط رہتے ہوئےصحت مند زندگی گزارنے کی قائل ہیں اس لیے وہ گھر میں پوری فیملی کی صحت کے بارے میں بھی بہت محتاط رہتی ہیں۔
اُنہوں نے مزید بتایا کہ اگر میرے والد کھانے کے معاملے کبھی بے احتیاطی کرنے کی کوشش کرتے بھی ہیں تو میری والدہ ایک اچھی ہندوستانی بیوی کی طرح اُنہیں ایسا کرنے سے روکتی ہیں۔