پی ٹی آئی کے حمایت یافتہ نو منتخب رکنِ پنجاب اسمبلی عامر ڈوگر کا کہنا ہے کہ بلے کے بغیر پنجاب اسمبلی کی 170 سیٹیں ہیں۔
پنجاب اسمبلی کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پی ٹی آئی کے حمایت یافتہ نو منتخب رکنِ پنجاب اسمبلی عامر ڈوگر نے کہا کہ اگر بلا نشان ہوتا تو 80 سیٹیں مزید ہوتیں۔
ان کا کہنا ہے کہ ان پر خوف کے سائے ہیں، چاروں طرف پولیس ہے، لوگ خوار ہو رہے ہیں، ہمارا مینڈیٹ چرانے کا خوف ان کو سونے نہیں دے رہا۔
عامرڈوگر نے مزید کہا کہ چند ایم پی ایز کو اتنے پریشر کے بعد توڑا، وہ بھی واپس آ جائیں گے، جو ایم پی ایز عوام کا مینڈٹ لے کر آئے ہیں ان کو تو آنے دیں۔
پی ٹی آئی کے حمایت یافتہ نو منتخب رکنِ پنجاب اسمبلی نے یہ بھی کہا کہ خوف ان کا اس وقت تک پیچھا کرے گا جب تک یہ ہمارا مینڈٹ تسلیم نہیں کریں گے، یہ خوف اس وقت تک رہے گا جب تک بانیٔ پی ٹی آئی رہا نہیں ہوتے۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمٰن نے پنجاب اسمبلی کا اجلاس بلانے کا نوٹیفیکیشن جاری کیا تھا۔
نوٹیفیکیشن کے مطابق پنجاب اسمبلی کا اجلاس آج صبح بجے بلایا گیا ہے جس میں پنجاب اسمبلی کے نو منتخب ارکان حلف اٹھائیں گے۔
اسپیکر پنجاب اسمبلی سبطین خان نو منتخب ارکان سے حلف لیں گے۔