نومنتخب رکن اسمبلی عامر ڈوگر نے مطالبہ کیا ہے کہ الیکشن کمیشن کل ہی ہماری مخصوص نشستوں کا فیصلہ کرے۔
لاہور میں میڈیا سے گفتگو میں عامر ڈوگر نے کہا کہ ہمارا مطالبہ ہے پہلے ہماری مخصوص نشستوں کا فیصلہ کیا جائے۔
انہوں نے مزید کہا کہ اجلاس کے اگلے مرحلے سے پہلے مخصوص نشستوں کا فیصلہ کیا جائے، آج ہمارے 100 ارکان ایوان میں تھے۔
نومنتخب رکن اسمبلی نے یہ بھی کہا کہ ہمارے وزیراعلیٰ کے امیدوار میاں اسلم اقبال کا ابھی تک نہیں پتہ چل رہا، اُنہیں گرفتار کرلیا گیا ہے۔
اُن کا کہنا تھا کہ احمد خان بچھر اسپیکر اسمبلی کیلئے ہمارے امیدوار ہیں جبکہ معین ریاض قریشی ڈپٹی اسپیکر کے لیے ہمارے امیدوار ہوں گے۔
عامر ڈوگر نے کہا کہ رانا شہباز پنجاب اسمبلی میں چیف وہپ ہوں گے، ہمارے ارکان کو اسمبلی آنے سے روکا جارہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہمارے 107 ارکان سنی اتحاد کونسل میں شامل ہوئے ہیں، آج ہمارے 100 ارکان ایوان میں تھے، ہمارے وزارت اعلیٰ کے امیدوار کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔