عوامی نیشنل پارٹی (اے این پی) نے بھی انتخابی دھاندلی کی جوڈیشل انکوائری کا مطالبہ کردیا ہے۔
چارسدہ میں خطاب کرتے ہوئے ایمل ولی خان نے کہا کہ چیف جسٹس اپنا اختیار استعمال کرتے ہوئے جوڈیشل کمیشن بنائیں، وہ ان افراد کو پیش کریں گے جن سے پیسے مانگے گئے اور لیے گئے تھے۔
ایمل ولی خان نے کہا کہ میں 8 فروری کے الیکشن میں ناکامی پر مایوس نہیں، ہم امن بانٹنے والے عدم تشدد کے علمبردار ہیں، ہم 100 سال سے اپنے حقوق کی جدوجہد کر رہے ہیں، یہاں ایک تھپڑ پر لوگ وفاداریاں بدلتے ہیں۔
رہنما اے این پی نے مزید کہا کہ ہم اس ریاست اور قوم کے لیے کبھی نہیں جھکے، ہم آج بھی دہشت گرد کو دہشت گرد کہتے ہیں، پاکستان میں جنگ وسائل اور اختیار کی ہے، ہمیں گونگے بہرے لولے لنگڑے نہیں چاہئیں، ہمیں وہ نہیں چاہیے جو نمائندگی کے بجائے غلامی کرے، ایک گھڑی چور اور توشہ خانہ چور ہوتے ہیں۔
ایمل ولی نے مزید کہا کہ اے این پی قوم کا حق پارلیمان کے راستے سے جیتنا چاہتی ہے، ذاتی لالچ کیلئے پارلیمان میں جانا نہیں چاہتے، مصیبتیں اور مشکلات قوم کی خاطر برداشت کرتا ہوں، اگر کوئی گرفتار کرنا چاہتا ہے تو ٹیلی فون کرے ہم خود حاضر ہوں گے، لیکن خیال رکھیں رات کو گھروں پر چھاپے مت ماریں، ہم گرفتاری سے ڈرنے یا بھاگنے والے نہیں۔