اسلام آباد پولیس نے اسلام آباد ہائی کورٹ میں رپورٹ جمع کرائی ہے کہ عدالتی احکامات پر عمل درآمد کرتے ہوئے احاطہ عدالت سے ملزمان کو گرفتار نہ کرنے کے ایس او پیز بنا کر آئی جی پولیس کی جانب سے تمام تفتیشی افسران کو بھجوا دیے گئے ہیں۔
عدالت نے حکم دیا تھا کہ انصاف کے حصول کے لیے آئے ملزم کی احاطہ عدالت سے گرفتاری نہ کی جائے۔
آئی جی اسلام آباد نے احاطہ عدالت سے ملزمان کو گرفتار نہ کرنے کے نئے ایس او پیز مرتب کر کے اسلام آباد ہائی کورٹ میں جمع کرا دیے ہیں۔
جسٹس ارباب محمد طاہر نے ہدایات جاری کی تھیں کہ انصاف کے حصول کے لیے آئے ملزم کی احاطہ عدالت سے گرفتاری نہ کی جائے۔
عدالت کو بتایا گیا ہے کہ آئی جی کی جانب سے ایس او پیز اسلام آباد کے تفتیشی افسران کو بھجوا دیے گئے ہیں۔
ایس او پیز کے مطابق انصاف کے حصول کے آئے ملزم کی احاطہ عدالت سے گرفتاری نہیں ہو گی اور صرف عدالتی حکم پر گرفتاری عمل میں لائی جا سکے گی۔
ایس او پیز کے مطابق دہشتگردی، عدالتی وقار، عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لیے گرفتاری کی جا سکے گی، احاطہ عدالت میں قابل دست اندازی جرم کرے تو گرفتاری عمل میں لائی جائے گی، ایسی کسی گرفتاری کی صورت میں عدالتی سیکیورٹی انچارج کو مطلع کیا جائے گا۔
ایس او پیز کے مطابق ایس پی سیکیورٹی ان تمام معاملات میں انچارج ہوں گے، آئندہ سے کسی قسم کی خلاف ورزی پر تادیبی کارروائی کی جائے گی۔