بالی ووڈ کے اسٹار اداکار عامر خان نے اعتراف کیا ہے کہ میں نے لال سنگھ چڈھا کو بنانے میں کئی غلطیاں کی تھیں۔
بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق عامر خان نے لال سنگھ چڈھا کی ناکامی پر کھل کر اظہار خیال کیا اور کہا کہ میں نے فلم میں کئی غلطیاں کیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ ناکامیاں سیکھاتی ہیں کہ آپ نے کیا اور کہاں غلطی کی، لال سنگھ چڈھا کی ناکامی نے مجھے سمجھا دیا کہ میں نے کہاں غلط کیا۔
ایک تقریب سے خطاب میں بالی ووڈ اداکار نے بتایا کہ اُن کی آخری فلم کی ناکامی نے انہیں جذباتی طور پر کافی تکلیف پہنچائی۔
ان کا کہنا تھا کہ مزے کی بات تو یہ ہے کہ فلم کی ناکامی کے بعد بھی کئی لوگوں نے اسے سراہا اور مجھے پیار دیا۔
عامر خان نے یہ بھی کہا کہ یہ فلم میرے دل کے کافی قریب تھی، کرینہ کپور سمیت پوری فلم کاسٹ نے کافی محنت کی تھی۔
انہوں نے کہا کہ فلم کی ناکامی سے دو چیزیں ہوئیں، ایک تو کافی عرصے بعد میری کوئی فلم فلاپ ہوئی، دوسری دلچسپ بات یہ کہ اس ناکامی کے بعد دوست احباب گھر آئے اور میری خیریت دریافت کی۔
بالی ووڈ اسٹار نے یہ بھی کہا کہ یہ تو الگ بات ہے، اصل چیز تو یہ ہے کہ ناکامی آپ کو سکھا کر جاتی ہے، میں جاننے میں کامیاب ہوا میں نے کہانی بیان کرنے میں کہا ں غلطی کی۔
ان کا کہنا تھا کہ میں نے کافی سوچ بچار کیا تاکہ کچھ بڑا سیکھا جاسکے،پھر کرن کو بتایا کہ اس فلم کو بنانے میںہر مرحلے میں کئی غلطیاں کیں، خدا کا شکر ہے یہ سب غلطیاں ایک ہی فلم میں ہوگئیں۔
لال سنگھ چڈھا 2022ء میں ریلیز ہوئی، جو 1994 میں ریلیز ہونے والی فلم ٹام ہنکس کی کہانی سے ماخوذ تھی۔