میئر کراچی مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ ہم اپنی 90 فیصد نشستوں پر بڑی لیڈ سے کامیاب ہوئے ہیں۔
سب تک نیوز کے پروگرام نیا پاکستان میں گفتگو کے دوران مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ جی ڈی اے، جماعت اسلامی اور جے یو آئی ہماری جیت کے آس پاس بھی نظر نہیں آئی۔
انہوں نے کہا کہ حکومت سڑک بند کر کے احتجاج برداشت نہیں کرے گی، ابھی تک نگراں حکومت موجود ہے، وزیر اعلیٰ سندھ منتخب نہیں ہوئے۔
میئر کراچی نے مزید کہا کہ وزیر اعلیٰ کے انتخاب کے بعد پیپلز پارٹی کی حکومت سے گلہ کیا جاسکتا ہے،یہ لوگ ہار چکے ہیں، پولیٹیکل پوائنٹ اسکورننگ کے لیے معاملہ اٹھا رہے ہیں۔
اُن کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی سندھ سے اپنی قومی اور صوبائی اسمبلی نشستوں پر کامیاب ہوئی، الزامات ایسے لگائے جارہے ہیں جیسے پیپلز پارٹی 100 یا 150 ووٹوں سے جیتی ہو۔
مرتضیٰ وہاب نے یہ بھی کہا کہ ہماری جیت کے آس پاس جے یو آئی، جماعت اسلامی یا جی ڈے اے کا امیدوار نظر نہیں آتا، ماضی میں بھی سندھ کے عوام نے جے یو آئی کے نمائندوں کو منتخب نہیں کیا۔
انہوں نے کہا کہ ہائی وے بلاک کرنا، روڈ بند کرنا مناسب نہیں، کوئی بھی روڈ بند کرکے احتجاج کرے تو حکومت برداشت نہیں کرے گی، ان کا بنیادی ٹارگٹ احتجاج نہیں تھا۔
میئر کراچی نے کہا کہ اسی سندھ اسمبلی کے سامنے جماعت اسلامی نے 14 دن دھرنا دیا تھا، یہ جماعتیں اب الیکشن میں ہارنے کے بعد احتجاج کر رہی ہیں لیکن ثبوت پیش نہیں کر رہیں۔