پاکستانی معروف، سینئر اداکارہ بشریٰ انصاری نے اپنی بھانجی، اداکارہ زارا نور عباس کی تعریفوں میں زمین و آسمان کے قلابے ملادیے۔
بشریٰ انصاری کی سوشل میڈیا پر ایک مختصر سی ویڈیو وائرل ہے جس میں وہ اپنی بھانجی، زارا نور عباس کی اداکارانہ صلاحیتوں سے متعلق بات کر رہی ہیں۔
بشریٰ انصاری کا اس ویڈیو میں زارا نور کے چہرے کے تاثرات کی تعریف کرتے ہوئے کہنا ہے کہ اِن کی بیٹی (زارا نور) کی ٹھوڑی بھی پرفارم کرتی ہے۔
بشریٰ انصاری کا ویڈیو میں بھانجی سے محبت کا اظہار کرتے ہوئے مزید کہنا ہے کہ زارا اِن کی بچی ہیں، وہ اِن پر صدقے جائیں، اُن کی بچی کے پور پور میں ہنر بھرا ہوا ہے۔
اس ویڈیو میں بشریٰ انصاری اپنی بات کی تصدیق بھی کرواتی نظر آ رہی ہیں۔
ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ بشریٰ انصاری کے کہنے پر سینئر اداکارہ و ہدایتکارہ شہناز شیخ بھی زارا نور عباس کی تعریف کر رہی ہیں۔
اس وائرل ویڈیو پر زارا نور عباس نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ کی اسٹوری پر اپنی خالہ، بشریٰ انصاری کا شکریہ بھی ادا کیا ہے۔
یاد رہے کہ اداکارہ زارا نور عباس اداکارہ بشریٰ انصاری کی بھانجی اور اداکارہ اسماء عباس کی صاحبزادی ہیں۔