بالی ووڈ کے اداکار علی فضل نے برسوں پرانی ایک تصویر شیئر کی ہے، یہ اس وقت کی ہے جب وہ بطور پرستار ہالی ووڈ کے لیجنڈ اداکار رابرٹ ڈی نیرو سے ملے تھے۔
علی فضل نے اپنی اس ملاقات کے حوالے سے انکشاف کیا کہ جب وہ پہلی بار رابرٹ ڈی نیرو سے ملے تو بہت زیادہ پرجوش تھے اور انہوں نے شرماتے ہوئے ہالی ووڈ کے سینئر اداکار سے ایک تصویر بنانے کی درخواست کی۔
یاد رہے کہ رابرٹ ڈی نیرو اپنی شہرہ آفاق فلموں ٹیکسی ڈرائیور، ریجنگ بل اور دی گاڈ فادر ٹو کے حوالے سے جانے جاتے ہیں۔
تصویر میں دیکھا جاسکتا ہے کہ علی فضل جو گرے ٹی شرٹ پہنے رابرٹ ڈی نیرو کے ساتھ صوفے پر بیٹھے ہیں، جبکہ اکیڈمی ایوارڈ یافتہ اداکار، علی کے لیے آٹو گراف پر سائن کر رہے ہیں۔
علی کی اس پوسٹ پر بالی ووڈ اداکارہ دیا مرزا نے کمنٹ کرتے ہوئے ہارٹ اور ٹائیگر فیس ایموجی پوسٹ کی، جبکہ اروشی روٹیلا نے لکھا، آپ بہت خوش قسمت ہیں اور سدھانت کپور نے دو لیجنڈز کمنٹ کیا۔