خادم حرمین شریفین شاہ سلمان کو عرب وزرائے داخلہ کونسل نے اعلیٰ ترین اعزاز سے نوازا ہے۔
عرب میڈیا کی رپورٹ کے مطابق، شاہ سلمان بن عبد العزیز کو ’شہزادہ نایف ایوارڈ برائے عرب امن‘ سے نوازا گیا ہے۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ عرب وزرائے داخلہ کونسل نے یہ ایوارڈ مملکت کے وزیر داخلہ شہزادہ عبدالعزیز بن سعود کو تیونس میں کونسل کے اجلاس کے دوران دیا۔
رپورٹ کے مطابق، شہزادہ عبدالعزیز بن سعود کو یہ ایوارڈ ان کی عرب معاشرے میں امن قائم کرنے کے لیے کی گئی بے مثال کوششوں کو سراہتے ہوئے دیا گیا ہے۔
شہزادہ عبدالعزیز بن سعود نے کہا کہ یہ اجلاس ایسے وقت میں منعقد ہوا جب فلسطینی عوام غیر مستحکم سیکیورٹی کی صورتحال کا سامنا کر رہے ہیں۔
اُنہوں نے کہا کہ کونسل اپنے قیام کے بعد سے مسلسل عربوں کے لیے سلامتی کے حصول، استحکام اور ترقی کے لیے کوشاں ہے۔
شہزادہ عبدالعزیز بن سعود نے کہا کہ دنیا سائبر کرائم، مصنوعی ذہانت کے غلط استعمال اور منشیات کی سمگلنگ کے جدید طریقوں میں پیش رفت دیکھ رہی ہے اور اس پیش رفت نے متعدد قسم کے منظم جرائم، مسلح تنظیموں اور دہشت گرد گروہوں کے پھیلاؤ کے لیے زرخیز زمین پیدا کر دی ہے۔
اُنہوں نے کہا کہ اس صورتحال کا مقابلہ کرنے کے لیے ترقی، تعلیم، اور استعداد کار میں اضافے کے لیے ترقیاتی منصوبوں کی ضرورت ہے۔
شہزادہ عبدالعزیز بن سعود نے مزید کہا کہ ان خطرات سے نمٹنے کے لیے عرب ہم آہنگی ضروری ہے تاکہ اس طرح کے خطرات کے ممکنہ منفی اثرات کو کم کیا جا سکے۔