رواں ماہ سابق چیئرمین پی سی بی خالد محمود نے ٹیسٹ میچ فیس بڑھانے کا مطالبہ کیا تھا۔
پاکستان کرکٹ بورڈ کے سابق چیئرمین خالد محمود نے کہا تھا کہ قومی کرکٹرز کی ٹیسٹ میچ فیس میں اضافہ کیا جائے۔
اپنے ایک بیان میں خالد محمود نے کہا تھا کہ زیادہ میچ فیس نہ دی گئی تو کرکٹرز ٹیسٹ کرکٹ چھوڑ دیں گے اور ریٹائرمنٹ لینا شروع کردیں گے۔
ٹیسٹ کرکٹ میں دلچسپی برقرار رکھنے کیلئے بھارتی بورڈ کا پلان
اب ٹیسٹ کرکٹ میں دلچسپی برقرار رکھنے کے لیے بھارتی بورڈ کا بھی اسی طرح کا پلان سامنے آیا ہے۔
بھارتی بورڈ کیلنڈر ایئر میں تمام ٹیسٹ سیریز کھیلنے والے کھلاڑیوں کی میچ فیس بڑھانے پر غور کررہا ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق بھارتی بورڈ سال کے تمام ٹیسٹ کھیلنے والے کھلاڑیوں کو اضافی بونس دے گا جس کا مقصد لمبے دورانیے کی کرکٹ کی اہمیت کو برقرار رکھنا ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق حال ہی میں چند کھلاڑیوں نے آئی پی ایل کی تیاری کے لیے ڈومیسٹک کرکٹ کو چھوڑا تھا جبکہ قومی کرکٹرز کو ڈومیسٹک کرکٹ کھیلنے کی بار بار ہدایت دی گئی تھی۔
ذرائع کے مطابق تمام ٹیسٹ کھیلنے والوں کے لیے اضافی فیس کا اعلان آئی پی ایل کے بعد کیا جائے گا، تمام ٹیسٹ کھیلنے والے کھلاڑیوں کو سالانہ ریٹینر شپ کے ساتھ اضافی رقم ملے گی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ اس کا مقصد یہی ہے کہ کھلاڑی ریڈ بال کرکٹ پر زیادہ فوکس کریں۔
رپورٹس کے مطابق بھارت میں ایک ٹیسٹ کھیلنے پر معاوضہ 15 لاکھ بھارتی روپے ہے جبکہ کھلاڑیوں کو ون ڈے کے 6 لاکھ اور ٹی ٹوئنٹی کے تین لاکھ روپے ملتے ہیں۔
علاوہ ازیں بھارتی بورڈ کے سیکریٹری جے شاہ نے سینٹرل کنٹریکٹ اور اے ٹیم کے کھلاڑیوں کو ڈومیسٹک کرکٹ میں حصہ نہ لینے پر خبردار کیا ہے۔
بھارت میں ڈومیسٹک کے بجائے لیگ کو ترجیح دینے پر سخت ایکشن لینے کا اعلان کیا گیا تھا۔