اسلام آباد ہائیکورٹ نے بانی پی ٹی آئی کو وکلاء اور فیملی سے ملاقات کی اجازت نہ دینے پر دائر توہین عدالت کی درخواست کے قابل سماعت ہونے پر فیصلہ محفوظ کرلیا۔
جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے ریمارکس دیے ہیں کہ اس درخواست پر مناسب آرڈر جاری کریں گے۔
اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب اور جسٹس ارباب محمد طاہر پر مشتمل ڈویژن بینچ نے بانی پی ٹی آئی کو وکلاء اور فیملی سے ملاقات کی اجازت نہ دینے پر توہین عدالت کی درخواست پر سماعت کی۔
دوران سماعت جسٹس میاں گل حسن نے استفسار کیا کہ کس کو ملاقات کی اجازت نہیں دی گئی؟
شیر افضل مروت ایڈووکیٹ نے بتایا کہ انہیں اور بیرسٹر گوہر کو بانی پی ٹی آئی سے جیل میں ملاقات کی اجازت نہیں دی گئی۔
عدالت نے کہا کہ اس عدالت کے حکم کے بعد اجازت تو دی جا رہی تھی۔
شیر افضل مروت ایڈووکیٹ نے کہا کہ وہ بھی بس گزارا ہی تھا کسی کو جانے دیتے تھے کسی کو نہیں، بانی پی ٹی آئی کی اہلیہ کو 20 دن سے ملاقات کی اجازت نہیں دی جارہی۔
عدالت نے کہا ہم اپنے آپ کو اس درخواست تک ہی محدود رکھیں گے اور مناسب آرڈر جاری کریں گے۔