پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) رہنما شیر افضل مروت نے کہا ہے کہ ہمیں الیکشن کمیشن سے رتی برابر امید نہیں ہے۔
سب تک نیوز کے پروگرام ’آج شاہزیب خانزادہ کے ساتھ‘ میں گفتگو کے دوران شیر افضل مروت نے کہا کہ انہیں رتی برابر بھی امید نہیں کہ الیکشن کمیشن پی ٹی آئی کے حق میں فیصلہ دے گا۔
انہوں نے کہا کہ ان کے ارکان 29 فروری کو قومی اسمبلی اجلاس میں جاکر حلف اٹھائیں گے اور احتجاج کریں گے۔
پی ٹی آئی رہنما نے مزید کہا کہ 29 تاریخ کو اجلاس میں حلف لینے کےلیے شرکت کریں گے، توقع ہے کل الیکشن کمیشن واضح کردے گا ہماری درخواست منظور یا مسترد کردے۔
اُن کا کہنا تھا کہ پارلیمانی پارٹی نے ابھی بائیکاٹ کا فیصلہ نہیں کیا ہے، جہاں تک میں سمجھتا ہوں، اسمبلی کے اندر احتجاج کریں گے۔
شیر افضل مروت نے یہ بھی کہا کہ الیکشن کمیشن سے ہمیں رتی برابر بھی توقع نہیں ہے، الیکشن کمیشن ابتدا سے ہمارے ساتھ سوتیلی ماں جیسا سلوک کر رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہمارے کیس ٹریبونل بھیج رہے ہیں اور ن لیگ کے نوٹیفکیشن جاری ہورہے ہیں۔
پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ ہمارا مقصد شراکت اقتدار کبھی نہیں رہا، پیپلز پارٹی کی شراکت اقتدار کی پیشکش کو بانی پی ٹی آئی نے مسترد کیا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ احتجاج کے معاملے پر لوگ ابھی تک ڈرے ہوئے ہیں، لوگ سمجھتے ہیں ریاستی کریک ڈاؤن کا تسلسل ہوگا۔
شیر افضل مروت نے کہا کہ اسلام آباد میں کافی لوگ نکلے تھے، لوگوں کا ڈر و خوف دور ہوچکا، اب ہمارے احتجاج میں دیگر جماعتیں بھی ساتھ آئیں گی۔
انہوں نے کہا کہ میری معلومات کے مطابق بیرسٹر گوہر علی ہی چیئرمین ہوں گے، میں نے بیرسٹر گوہر کے خلاف بات نہیں کی، میں نے احتجاج کی بات کی تھی۔